اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، قوم کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ جناح کنونشن سنٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کئے ، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلبا کو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ان میں سے بہت سے طلباو طالبات آج ڈاکٹرز ، انجینئرزاور کامیاب پروفیشنلزبن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، میرادل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں ، کوویڈ 19 کی عالمگیر وبا ئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے ، یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ، اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہےاور یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر ملے گا۔ وزیرعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اس یقین کا اظہارکیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسایہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔
نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ان پر سرمایہ کاری سے بڑھ کرکچھ نہیں: وزیراعظم شہبازشریف



















