پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بے حرمتی واقعہ کیخلاف قرارداد منظور

اسلام آباد (مشرق نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میںسویڈن میں بے حرمتی واقعہ کےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سویڈن واقعہ کےخلاف مذمتی قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ایوان سویڈن میں بے حرمتی واقعہ کی مذمت کرتا ہے، سویڈش حکومت ملوث شخص کیخلاف قانونی کارروائی کرے اور یقین دہانی کرائی جائے مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اسلاموفوبیا پر مبنی واقعات دوسرے مذاہب کےخلاف واقعات کی طرح ڈیل کئے جائیں، ایوان مقدس شعائر، کتابوں اور شخصیات کی توہین کی مذمت کرتا ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامو فوبیا، مذہب کیخلاف نفرت پھیلانے جیسے واقعات کی روک تھام کی جائے، اسلامی سربراہی کانفرنس کا فورم اسلاموفوبیا کے سدباب، مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کیا جائے، مذمتی قرارداد منظور ہونے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 25 جولائی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ دوسری جانب بے حرمتی واقعہ پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بین الپارلیمانوں اور بین الپارلیمانی یونین کے صدور کو خطوط ارسال کردئیے۔ چیئرمین سینٹ نے خطوط میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے روکنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ چیئرمین سینٹ نے بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کو ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اپنے خطوط میں لکھا کہ عالمی امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے وسیع تر عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔ اسلام رواداری، امن، خوشحالی اور انسانیت سے محبت جیسی اقدار کو فروغ دیتا ہے، اس طرح کے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت تکلیف کا باعث ہیں، پارلیمنٹیرینز اور عالمی رہنماو¿ں کو اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صادق سنجرانی نے لکھا کہ عالمی سطح پر لوگوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، بات چیت، افہام و تفہیم اور باہمی احترام عالمی امن کیلئے ناگزیر ہیں، قوموں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس سے قبل چیئرمین سینیٹ سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کو بھی خط ارسال کرچکے ہیں۔ انہوں نے اسلام بارے غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے سویڈش پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کی تجویز دی تھی۔