اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے، وزارت خارجہ کے ذریعے سویڈن کی حکومت سے رابطہ کریں گے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کا مطالبہ کیا جائےگا۔ کابینہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سویڈن میں ایک قبیح واقعہ پیش آیا اور قرآن کریم کی ایک بار پھر بے حرمتی کی گئی جس پر پوری ملت اسلامیہ، حکومت پاکستان اور پوری قوم اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں پہلے بھی ایسے دلخراش واقعات پیش آچکے ہیں، اس واقعہ سے سامنے آیا ہے کہ سویڈن میں مسلمان اقلیت کےخلاف نفرت کا بیانیہ بنایا گیا ہے، پاکستانی حکومت اس کی نہ صرف مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ سوئس حکومت اس بیانئے کا نوٹس لے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اطمینان ہے اس معاملے پر او آئی سی نے ہنگامی اجلاس بلایا اور بدترین واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور آئندہ کیلئے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا، ہم اس اجلاس اور فیصلے کی تائید کرتے ہیں، ہمارا سویڈن کی حکومت سے یہ مطالبہ جائز ہے اور ہم اپنی وزارت خارجہ کے ذریعے اس مطالبے کا فالو اپ بھی کریں گے۔
قرآن پاک کی بے حرمتی، ذمہ ڈاروں کو سزا کیلئے سویڈن سے رابطہ کرینگے: وزیراعظم شہبازشریف



















