روایتی سسٹم ختم، ریاست میں حقیقی معنوں میں بہتری کامنظرواضح نظر آئےگا :وزیراعظم آزادکشمیر

مظفر آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اقتدار عوام کی امانت ہے،اللہ کی رضا کی خاطر ریاست بھر میں عوام کی خدمت کرنا میرا نصب العین ہے،جملہ سرکاری افسران و ملازمین اپناقبلہ درست کرکے خطہ آزادکشمیر کومثالی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔صحت کے شعبہ میں انقلاب لانے سے غریب امیراورمتوسط طبقے سمیت ہرسطح پرمریض کی خدمت ہوگی،انقلابی اقدامات کاآغازضلع بھمبرسے کررہاہوں،ضلع بھمبر کو ہر لحاظ سے ماڈل ضلع دیکھناچاہتا ہوں،ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ہیلتھ یونٹس کو بہتر کرکے مربوط پالیسی اپنا کر دکھی انسانیت کی خدمت کی جاسکتی ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے ریاست آزادکشمیرمیں اینٹی کرپشن ایکٹ کے نفاذ کافیصلہ کرلیا،فلاحی ریاست بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اعلی افسران سے لے کر جملہ ملازمین تک کڑے احتساب کا بھی فیصلہ کیاگیاہے۔عید قربان کے دنوں میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہاکہ وہ روایتی سسٹم سے ہٹ کر ایسے اقدامات کرنے جارہے ہیں جس سے ریاست میں حقیقی معنوں میں ایک بہتری کامنظرواضح طور پر نظر آئےگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری نے انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کو ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر آنے والے سیاحوں کو بھرپور سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ ٹورسٹ پولیس سیاحوں کی بھرپور رہنمائی کرے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ، ایس ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو اداروں کوالرٹ رکھا جائے۔ آزاد کشمیر کے کسی بھی علاقہ میں سیاحوں کے ساتھ اچھے برتاو اور بہترین اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے اور ہر مقامی شخص ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔