معاشرے میں صحتمند پولیس فورس جرائم کو روکنے کیلئے انتہائی ضروری ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ہیلتھ سکریننگ اور ویلفیئر اقدامات بارے جاری خصوصی پیغام میں کہاہے کہ پنجاب پولیس میں کانسٹیبل سے سپروائزری لیول تک 2 لاکھ سے زائد افسران و اہلکاروں کا میڈیکل چیک اپ مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ معاشرے میں صحت مند پولیس فورس جرائم کو روکنے کیلئے انتہائی ضروری ہے اس لئے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں بروقت اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فورس کی ہیلتھ سکریننگ کے دوران 8500 سے زائد افراد میں ہیپاٹائٹس کی شناخت ہوئی جن کا فوری علاج شروع کردیا گیا،ہیپاٹائٹس سی کا علاج شروع، ہیپاٹائٹس بی ویکسی نیشن کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے، ٹائم لائن کے مطابق دوسری اور تیسری ڈوز وقت پر لگ جائے گی۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب سے علما و مشائخ کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر متقی انتخاب احمد نوری کی زیر قیادت آئے وفد میں علامہ محمد رشید ترابی، مفتی عمران حنفی، مولانا محمد اسلم ندیم، حافظ صداقت علی،قاری خالد محمود اور پیر معاذ المصطفیٰ سمیت دیگر دیگر علمائے اکرام شریک تھے۔ علماو مشائخ نے امن و امان کے قیام، پولیس فورس کی ویلفیئر اور استعداد کار میں اضافے کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے اقدامات کو سراہا اور شہدائے اکرام کے بچوں کی تعلیم و صحت، اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔علما و مشائخ نے پنجاب پولیس کے شہداءاور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پربیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اغواءکے مقدمات میں مطلوب دو خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتارکرکے پاکستان لے آئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ملزم حادق الرحمان کو چار روز قبل گرفتار کیا گیا،بذریعہ فلائٹ آج لاہور ائیر پورٹ پہنچایا گیا،ملزم حادق الرحمان نے دو ہفتے قبل فیصل آباد کے رہائشی نوجوان کو 50 لاکھ روپے تاوان کیلئے اغوا کروایا۔گرفتار ہونے والی دوسری ملزمہ پروین اختر، خاتون کے اغوا کے مقدمہ میں پنجاب پولیس کو 2009 سے مطلوب تھی۔فیصل آباد پولیس نے ملزمہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا، متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کرکے پاکستان لایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دونوں ملزموں کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے،بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ڈکیتی، قتل، اغواءبرائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن سے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔