رواں سال 5 ارب 80 کروڑ زکوٰة کی رقم مستحقین میں تقسیم کی جائےگی:اظفر علی ناصر

لاہور (اپنے نمائندے سے) رواں سال پانچ ارب 80 کروڑ روپے زکوٰة کی رقم مستحقین میں تقسیم کی جائےگی۔ گزارا الاونس کے تحت 18 ہزار روپے سال میں دو مرتبہ مستحق افراد کو دیئے جائیں گے۔ نابینا افراد کیلئے مختص 20 کروڑ میں سے 17 کروڑ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ دینی مدارس اور سکولوں میں زیرتعلیم طلباءکیلئے 37 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مستحق بچیوں کی میرج گرانٹ کیلئے 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ بات صوبائی وزیر زکوٰة و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے محکمہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں 88 فیصد افراد کو گزارا الاونس مہیا کیا جا چکا ہے۔ غریبوں کے اعلاج کیلئے زکوٰة کی رقم کو 12 کروڑ سے بڑھا 19 کروڑ روپے کیا گیا ہے۔ مستحق طلباءکو ٹیکنیکل اور فنی تعلیم کی فراہمی کیلئے 80 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے سیکرٹری زکوٰة و عشر آفس میں محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری زکوٰة و عشر میاں ابرار احمد، ایڈمنسٹریٹر رانا سجاد بابر سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ گزار الاونس کی رقم رمضان میں تقسیم نہ کرنے پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو گزارا الاونس اُس وقت نہ دیا گیا جب ان کو ضرورت تھی۔30اپریل تک کام مکمل کرکے یکم مئی سے گزارا الاونس لوگوں کو مہیا کیا جانا چاہئے تھا۔ محکمہ کے افسران کو کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر زکوٰة و عشر نے جولائی میں تمام مستحقین کو گزارا الاونس تقسیم کرنے کی ہدایت کی اور محکمے سے ہر ڈسٹرکٹ میں تقسیم کی جانے والی زکوٰة کی رقم پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔صوبائی وزیر نے ہسپتالوں میں زیر اعلاج مستحق مریضوں کیلئے مختص رقم بڑھانے اور میرج گرانٹ 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی تجویز دی۔ سید اظفر علی ناصر نے افسران کو محکمانہ امور میں شفافیت لانے اور زکوٰة کی تقسیم سے متعلق ڈیٹا محکمہ کی ویب سائٹ پر شیئر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، کرپٹ افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائےگی۔