سوشل میڈیا پر پابندی کا آپشن ہر وقت موجود ،انتخابات وقت پر ہوں گے،خواجہ آصف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کوئی رکاوٹ نہیں،انتخابات وقت پر ہوں گے،نواز شریف کےساتھ بڑی ناانصافی ہوئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل ،قید کیا گیا،پانامہ کیس میں400سے زائد پاکستانیوں کا نام تھا،کیس صرف نوازشریف پر چلا،پہلے ناانصافی کا سدباب ہونا چاہیے،فوجی تنصیبات ، یادگار شہدا پر حملوں میں ملوث افراد کا احتساب قابل تحسین ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاحملوں میں ملوث سویلین کے کیس ملٹری کورٹ میں چلانے کی بات چل رہی ہے،قانون کو حرکت میں لانے کےلئے رکاوٹیں عبور کرنی پڑ رہی ہیں جو عبور ہو جائیں گی، سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا آپشن ہر وقت موجود ہے ، عمل بھی کیا جاسکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا9مئی کے ملزموں کو جب تک سزا نہیں ملے گی صرف پارٹی پر پابندی لگانا حل نہیں، سوشل میڈیا یورپ اور چین میں بھی ریگولیٹ ہو رہا ہے پاکستان میں بھی ہونا چاہیے،وزیر دفاع نے کہا سوشل میڈیا پر لوگوں کو بغاوت پر اکسایا جاتا ہے،انسانی سمگلنگ کےخلاف ریاست کو پوری طاقت سے حملہ کرنا ہو گا،جب تک ریاست نہیں چاہے گی انسانی سمگلنگ کا کاروبار بند نہیں ہوگا۔