راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاﺅس کی سکیورٹی اور تقدس برقرار رکھنے میں ناکامی پر لیفٹیننٹ جنرل سمیت اعلیٰ تین افسران فوج سے فارغ کردئیے گئے ہیں۔ فوج نے اپنی روایات کے مطابق خوداحتسابی مرحلے کو مکمل کرلیا، ایک ریٹائرڈ فور سٹار کی نواسی اور ایک ریٹائرڈ فور سٹار افسر کا داماد بھی گرفت میں ہے، 3 میجر جنرلز اور 7 بریگیڈئرز سمیت 15 افسران کےخلاف تادیبی کارروائی مکمل ہوچکی ہے، ملک بھر میں 17 فوجی عدالتیں فعال ہیں، فوجی عدالتوں میں 102 شرپسندوں کا ٹرائل کیا جا رہا ہے اور یہ جاری رہےگا، تحقیقات میں بہت سے شواہد مل چکے ہیں اور مسلسل مل رہے ہیں، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ اندرونی انتشار سے ہے، 9 مئی کا سانحہ فوج یا ایجنسیوں سے کرانے کی بات کرنا افسوسناک اور شرمناک ہے، یہ بات کہنے والے کی زہریلی اور سازشی ذہن کی عکاسی ہے، ایک سیاسی گروہ کی قیادت کے پاس پروپیگنڈے کا ہتھیار ہے، 9 مئی واقعات کے ملزمان انسانی حقوق کے پیچھے نہیں چھپ سکتے، منصوبہ ساز اور سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے، جو کام دشمن 76 سالوں سے نہ کرسکے وہ چند شرپسندوں نے کر دکھایا، سانحہ 9 مئی کو نہ بھلایا جائےگا اور نہ ملوث عناصرکو معاف کیا جاسکتا ہے، تمام ملوث کرداروں کو آئین پاکستان اور قانون کے تحت سزا دی جائےگی، اس عمل کو انجام تک پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائےگا۔ پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ فوج نے اپنی روایات کے مطابق خود احتسابی عمل کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ 9 مئی کو متعدد گیریژن میں جو پُرتشدد واقعات ہوئے اس پر دو ادارہ جاتی جامع انکوائریز کی گئیں جس کی صدارت میجر جنرل رینکس کے عہدیداروں نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مفصل احتسابی عمل کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ جو متعلقہ ذمہ داران گیریژن، فوجی تنصیبات، جی ایچ کیو اور جناح ہاﺅس کی سکیورٹی اور تقدس برقرار رکھنے میں ناکام ہوئے ان کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 3 افسران بشمول ایک لیفٹیننٹ جنرل کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے جبکہ 15 افسران بشمول 3 میجر جنرلز اور 7 بریگیڈئرز کے عہدے کے افسران کیخلاف سخت تادیبی کارروائی مکمل کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپکو اس سے اندازہ ہوگا کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل بغیر کسی تفریق کے مکمل کیا جاتا ہے اور جتنا بڑا عہدہ ہوتا ہے اتنی ہی بڑی ذمہ داری نبھانی پڑتی ہے۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ فوج کے خود احتسابی عمل میں کسی عہدے یا معاشرتی حیثیت میں کوئی تفریق نہیں رکھی جاتی، اسوقت ایک ریٹائرڈ فور سٹار افسر کی نواسی، ایک ریٹائرڈ فور سٹار افسر کا داماد، ریٹائرڈ تھری سٹار جنرل کی بیگم اور ریٹائر فور سٹار جنرل کی بیگم اور داماد ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر اس احتسابی عمل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک آرمی ایکٹ کے تحت چلائے جانے والے مقدمات کے سلسلے میں پہلے سے قائم شدہ فوجی عدالتیں کام کر رہی ہیں جس میں اب تک 102 شرپسندوں کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی عزت اور وقار پر ایک گھنانے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا، اسکے باوجود سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف رواں سال کے دوران 13 ہزار 619 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس آپریشنز کئے اور اس دوران ایک ہزار 172 دہشت گردوں کو واصل جہنم یا گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 77 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال آپریشنز کے دوران 95 افسران اور جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور انکے لواحقین کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ملک کے امن و سلامتی پر قربان کردیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں بہت شواہد مل چل چکے ہیں، افواج پاکستان آئے روز اپنے شہدا کو کندھا دے رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، 9 مئی کے واقعات نے ثابت کردیا کہ جو کام دشمن 76 برس میں نہ کرسکا وہ مٹھی بھر شرپسندوں اور انکے سہولت کاروں نے کر دکھایا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ بلاشبہ پاکستان کیخلاف بہت بڑی سازش تھی، اب تک کی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی تھی، اس منصوبہ بندی کے تحت پہلے اضطرابی ماحول بنایا گیا، پھر لوگوں کے جذبات کو اشتعال دلایا گیا اور فوج کیخلاف اُکسایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں جھوٹ اور مبالغہ آرائی پر مبنی بیانیہ ملک کے اندر اور باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا اور شرانگیز بیانئے سے پاکستان کے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں بہت سے شواہد مل چکے ہیں اور مسلسل مل رہے ہیں، افواج پاکستان، شہدا کے ورثا میں 9 مئی کے افسوسناک سانحے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ افواج پاکستان آئے روز اپنے عظیم شہدا کے جنازوں کو کندھا دے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آپ کو علم ہے کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز پوری یکسوئی اور قوت کے ساتھ جاری ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کی سرکوبی کی جا رہی ہے لیکن جہاں ایک طرف پاک فوج یہ قربانیاں دے رہی ہے تو دوسری طرف بدقسمتی سے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ایک جھوٹے بیانئے پر افواج پاکستان کیخلاف گھناﺅنا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، یہاں تک شہدا کے اہل خانہ کی بھی دلآزاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندان آج پوری قوم اور ہم سب سے کڑے سوال کررہے ہیں اور وہ یہ ہیں کہ کیا انکے پیاروں نے اس قوم کےلئے اسلئے قربانیاں دی تھیں کہ انکی نشانیوں کو اس طرح بے حرمت کیا جائے، کیا اپنے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کےلئے کچھ شرپسند عناصر شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو سیاسی ایجنڈے کی بھینٹ چڑھا دیں گے اور وہ لوگ جنہوں نے اس گھناﺅنے عمل کی منصوبہ بندی کی وہ لوگ قانون کے کٹہرے میں کب لائے جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا کے یہ ورثا ہم سب بالخصوص آرمی چیف سے بار بار یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا وہ روزانہ شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی حرمت کا ان شرپسندوں سے مستقبل میں تحفظ کرسکیں گے، شہدا کے ورثا اور آرمی کے تمام رینکس ہم سب سے یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر ہماری قربانیوں اور ہمارے شہدا کے تقدس کی اسی طرح بے حرمتی ہونی ہے تو ہمیں اس ملک کی خاطر جان قربان کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ یہاں یہ بات کرنا انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ کسی بھی ملک و قوم کیلئے اسکے استحکام کی بنیاد عوام، حکومت اور فوج کے درمیان اعتماد، احترام کا رشتہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں نے مختلف طریقوں سے کئی دہائیوں سے یہ کوشش کی کہ عوام اور فوج کے درمیان خلیج ڈال کر اس رشتے میں دراڑ ڈالی جائے تاہم دشمن کو ہمیشہ ناکامی ہوئی۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ ان بیانیوں میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کو بیرونی ایجنڈے سے تشکیل دینا، ڈی ایچ اے، فوجی فاﺅنڈیشن، دفاعی بجٹ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے جھوٹے بیانئے شامل ہیں تاہم ان گھناﺅنے بیانیوں کے باوجود عوام اور فوج کے درمیان جو اعتماد اور احترام کا رشتہ ہے، دشمن اس میں دراڑ نہ ڈال سکا جس کی وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں پہلی وجہ یہ ہے کہ افواجِ پاکستان نے ملک کے دفاع، عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود کیلئے اَن گنت قربانیاں دیں اور دے رہی ہیں اور عوام کا یہ اعتماد ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں افواجِ پاکستان اپنی مکمل پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرےگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواجِ پاکستان تمام اکائیوں، مکاتب فکر اور طبقات کی نمائندگی کرتی ہے، نہ کہ کسی مخصوص اشرافیہ کی عکاسی کرتی ہے، ان عوامل کی وجہ سے عوام کو کسی صورت بھی افواج سے جدا نہیں کیا جا سکتا اور اسکی گواہی شہدا افواج پاکستان کی قبریں بھی دیتی ہیں جو ملک بھر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ناقابل تردید زمینی حقائق کے باوجود گزشتہ ایک سال میں مذموم سیاسی مقاصد کے حصول اور اقتدار کی ہوس نے ایک جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا چلایا گیا اور چلایا جا رہا ہے جس کا نکتہ عروج بدقسمتی سے 9 مئی کو دیکھا گیا جب پاکستان کے معصوم عوام بالخصوص نوجوانوں سے انقلاب کا جھوٹا نعرہ لگوا کر بغاوت پر اُکسایا گیا۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان آرمی کی فیصلہ سازی میں مکمل ہم آہنگی اور وضاحت ہے اس ضمن میں 9 مئی کے واقعات کے بعد 15 مئی کو جاری کی گئی سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز، 25 مئی کو یوم تکریم شہدائے پاکستان کا پیغام اور 7 جون کو فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملٹری قیادت اور افواج پاکستان 9 مئی کے واقعات سے جڑے ہوئے پس پردہ عناصر، انکے سہولت کاروں اور ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آرمی جن امور پر بالکل متفق اور واضح ہے وہ یہ ہیں کہ سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں نہ بھلایا جائےگا اور نہ ہی ملوث شرپسند عناصر، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو معاف کیا جاسکتا ہے، اس سانحہ سے جڑے تمام منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کیخلاف آئین پاکستان اور قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی، چاہے انکا تعلق کسی بھی ادارے، سیاسی جماعت یا معاشرتی حیثیت سے کیوں نہ ہو۔ ڈی جی آئی ایس پی نے کہا کہ اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ سختی سے نمٹا جائےگا، جس عوامی حمایت کا عکس آپ نے 9 مئی کے بعد عوامی ردعمل میں دیکھا۔ صحافیوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 17 سٹینڈنگ کورٹس کام کر رہی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد فوجی عدالتوں کے قیام اور ملوث افراد کے ٹرائل اور سزاں کے حوالے سے ابہام ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ کیس فوجی عدالت اور سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے تاہم حقائق کا سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک بھر میں 17 سٹینڈنگ کورٹس کام کررہی ہیں، یہ فوجی عدالتیں 9 مئی کے بعد معرض وجود میں نہیں آئیں بلکہ ایکٹ کے تحت پہلے سے فعال اور موجود تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ان عدالتوں میں 102 شرپسندوں کے مقدمات سول عدالتوں سے ثبوت دیکھنے کے بعد قانون کے مطابق فوجی عدالتوں میں منتقل کئے گئے ہیں، ان تمام ملزمان کو مکمل قانونی حقوق حاصل ہیں، جس میں سول وکیلوں تک رسائی کا حق بھی شامل ہے، اسکے علاوہ ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق انہیں حاصل ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی ایکٹ آئین پاکستان اور قانون کا کئی دہائیوں سے حصہ ہے اور اسکے تحت سینکڑوں مقدمات نمٹائے جاچکے ہیں، بین الاقوامی عدالت انصاف نے اس کے عمل کی پوری طرح جانچنے کے بعد توثیق کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان تمام حقائق کی موجودگی میں کوئی بھی جھوٹا بیانیہ بنائے تو وہ بناسکتا ہے تاہم حقائق جھٹلائے نہیں جاسکتے۔ سزاﺅں سے متعلق انہوں نے کہا کہ سز اور جزا آئین پاکستان کا حصہ ہے، سزا جرم کے مطابق ہے، فوج بارہا اعادہ کرچکی ہے کہ ہمارے لئے آئین پاکستان سب سے مقدم ہے اور عوام کی خواہشات کا مظہر ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ فوج یا ایجنسیوں نے کرانے کی بات کرنا افسوسناک اور شرمناک ہے، یہ بات کہنے والے کی زہریلی اور سازشی ذہن کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، آڈیو ریکارڈنگز، تصاویر اور ملوث افراد کے اپنے بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت 9 مئی کو چُن چُن کر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، 9 مئی سے بہت پہلے ہی لوگوں کی فوج کیخلاف ذہن سازی کی گئی، فوجی قیادت کیخلاف ذہن سازی کی گئی، کیا یہ ذہن سازی فوجی قیادت نے اپنے خلاف خود کرائی؟ صحافیوں سے سوال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے چند گھنٹوں میں ملک بھر میں 200 سے زائد مقامات پر صرف فوجی تنصیبات پر حملہ کروایا گیا، کیا راولپنڈی، لاہور، کراچی، چکدرہ، تیمرگرہ، ملتان، لاہور، فیصل آباد، پشاور، مردان، کوئٹہ، سرگودھا، میانوالی اور بہت سے مقامات پر فوج نے اپنے ایجنٹس پہلے سے پھیلائے تھے، کیا فوجیوں نے اپنے ہاتھوں سے اپنے شہدا کی قربانیوں کو جلایا، کیا ہم نے اپنے فوجیوں کے ہاتھوں سے اپنے دفاع پاکستان کی علامات گروایا اور جلایا۔ انہوںنے کہا کہ جب جلاﺅ گھیراﺅ ہورہا تھا تو ملک میں اور باہر بیٹھ کر نامی اور بے نامی اکاﺅنٹس سے کون پرچار کررہا تھا کہ مزید جلاﺅ گھیراﺅ اور قبضہ کرو، کیا یہ فوج کروا رہی تھی، بے شمار ثبوت ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جھوٹ اور پروپیگنڈا کے علاوہ ایک خاص سیاسی گروہ اور اسکی قیادت کے پاس کوئی اور ہتھیار نہیں ہے، یہ بدقسمتی ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے امریکی سینیٹرز اور دیگر کے الزامات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بیانیہ ریاست پاکستان کیخلاف پہلے بھی بنایا جاتا رہا ہے اور اسکی کلیدی آواز باہر سے ہوتی ہے لیکن اس میں بدقستمی سے ملک بیٹھے عناصر اس کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آج تک دیکھا گیا ہے کہ یہ عناصر وہ دہشت گرد تنظیمیں ہوتی ہیں جب انکے خلاف دہشت گردی کے دوران کارروائی کی جاتی ہے تو انسانی حقوق، جبر اور قدر کے پیچھے چھپ جاتے ہیں، اسوقت مختلف طریقوں سے چلایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر فیک ویڈیوز چلائی جاتی ہیں، پرانی تصاویر اور ویڈیو ڈالی جاتی ہیں، چیزوں کو جوڑا جاتا ہے اور غلط بیانات بنائے جاتے ہیں تاکہ تاثر پھیلایا جائے کہ ریاست پاکستان جبر کررہی ہے جبکہ کچھ دنوں میں فیک آڈیوز واضح بھی ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پوشیدہ روابط کی بنیاد پر یا پیسے کا استعمال کرتے ہوئے مخصوص لوگوں کو باہر جو بیٹھے ہیں، ایجنسیز یا این جی اوز کے ذریعے بیانات دلائے جاتے ہیں اور ایک ماحول بنایا جاتا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی بہت زیادہ خلاف ورزی ہورہی ہے۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ تیسرا چہرہ اس سے بھی مکروہ اور زیادہ خطرناک ہے، وہ یہ ہے کہ دونوں چیزوں کو اکٹھا کرکے بیرون ملک دارالحکومتوں میں اداروں کے پاس جا کر ایک کیس بنایا جاتا ہے، پاکستان کی معاشی اور تجارتی معاونت بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس لیے کرتے ہیں تاکہ پاکستان میں افراتفری پھیلے، معاشی حالات خراب ہوں اور بے چینی پھیلے اور اسکے اندر سے انکی سیاست کیلئے راستہ نکلے اور مذموم سیاسی مقاصد اور اقتدار کی ہوس کیلئے کوئی راستہ ملے لیکن حکومت پاکستان اس سے بخوبی آگاہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں مقدمہ لڑنے کے بجائے جو باہر جا کر احتجاج کررہے ہیں ان ممالک کے ماضی قریب کی تاریخ پر نگاہ ڈالیں کہ ان جیسے بلوائیوں اور شرپسندوں سے وہ کس طرح آہنی ہاتھوں سے نمٹے ہیں یہاں تو شہدا کے تقدس کو پامال کیا گیا، فوجی تنصیبات پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کروایا گیا، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا واویلا مچا کر 9 مئی کے سہولت چھپ نہیں سکتے۔انہوںنے کہاکہ میرے خیال میں پاکستان میں وقت آگیا ہے کہ جھوٹ کی کرنسی ختم کردی جائے اور سچ چاہے کتنا بھی کڑوا ہو اس کو ہضم کرنے کی اپنے اندر صلاحیت ہو۔ مرکزی ملزم کی شناخت اور مخصوص جماعت کے لوگوں کو چھڑوائے جانے کے تاثر پر کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ اچانک نہیں ہوا، اسکا مقصد یہ تھا کہ فوجی تنصیبات پر لوگوں کو بھیج کر حملہ کیا جائے اور فوج کو اشتعال دلا کر فوری ردعمل دلایا جائے کیونکہ اس سے پہلے کئی مہینوں سے فوج اور فوجی قیادت کیخلاف لوگوں کی ذہن سازی کی جا رہی تھی اور بھڑکایا جا رہا تھا اور نفرت ڈالی جا رہی تھی، اس سے جو ردعمل آنا تھا، اس سے اپنے مذموم سیاسی مقاصد مزید آگے لےکر جانا تھا۔ انہوںنے کہاکہ یہ کرنے کےلئے انہوں نے کچھ جگہوں پر خواتین کو بھی منصوبہ بندی کے تحت ڈھال کے طور پر آگے رکھا اور یہ کوئی بھی توقع نہیں کرسکتا تھا کہ ایک سیاسی پارٹی اپنے ہی ملک میں اپنی ہی فوج پر حملہ آور ہوجائے لیکن جب یہ واقعہ ہوا تو فوج نے اس گھنانی سازش کو ناکام بنایا کیونکہ جس طرح کا رد عمل وہ چاہتے تھے وہ دیا جاتا تو پھر ان کی سازش کامیاب ہوجاتی لیکن اس کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری تھا کہ جو گریژنز، فوجی تنصیبات، جناح ہاس اور جی ایچ کیو وغیرہ کی تقدس اور سکیورٹی میں جہاں کمی ہوئی یا برقرار نہیں رکھ سکے تو اس پر کہیں غیرارادی کوتاہی یا غفلت ہوئی ہے تو اس کا تعین کیا جائے، غفلت اور نقصانات جانچنے کیلئے فوج کے اندر خود احتسابی کا عمل نافذ ہے، جس کیلئے فوری طور پر دو ادارہ جاتی انکوائریز میجر جنرل عہدے کے افسران کی سربراہی میں ہوئی، جنہوں نے تفصیل سے دیکھا اور شفافیت سے مسئلے کو مکمل کیا اور اپنی سفارشات دیں۔ سزاﺅں سے متعلق انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا عہدہ اتنی بڑی ذمہ داری ہے اور کسی سیاسی جماعت کی طرف جھکا محض پروپیگنڈا ہے کیونکہ فوج کے ہر جوان کی اوّلین اور آخری ترجیح ریاست پاکستان اور افواج پاکستان ہیں، اس میں کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کے بعد یہ دیکھ کر ہمیں اطمینان ہونا چاہیے کہ لوگ اس جھوٹے بیانیے کو پہچان گئے اور جانچ رہے ہیں کہ کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ ہے۔ ملزمان کے نام سے متعلق ایک سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر عہدے اور ذمہ داریوں اور نام بتانے ہوتے تو پہلے ہی بتا دیتا۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ ان واقعات کے ماسٹر مائنڈز روز روشن کی طرح سب کے سامنے عیاں ہیں، جن لوگوں نے یہ واقعات کیے ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے اور سزا ملے گی تاہم اس سے زیادہ اہم ہے کہ قوم کو 9 مئی کے واقعہ سے آگے بڑھنا ہے تو یہ جو منصوبہ ساز اور سہولت کار ہیں انکو بے نقاب اور کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی اس وقت تک انصاف کا منتظر ہے گا جب تک اس کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا، اگر ایسا نہیں ہوتا تو کل کوئی اور سیاسی گروہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے اس واقعہ کو دہرائے گا اور اگر ایسا نہیں ہوا تو ہر فرد کی جان مال اور آبرو کے تحفظ پر ایک سوالیہ نشان رہے گا۔انہوںنے کہاکہ ہمیں یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ اسکے علاوہ کوئی اور حل نہیں کہ ہم ان منصوبہ سازوں کو پہچانیں اور انکو کیفر کردار تک پہنچائیں۔سوشل میڈیا میں پروپیگنڈے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل ضروری ہے، حکومت پاکستان سنجیدگی سے اس پر غور کررہی ہے، اخلاقیات، سزا و جزا کی بھی ضرورت ہے اور اس میں صحافیوں کا اہم کردار ہے اور ان کو چاہیے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کریں بجائے اس کے سنسنی خیز صحافت کی جائے، معاشرے میں نفرت اور ہیجان انگیزی کم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ اندرونی انتشار سے ہے، اگر ہم نے اس انتشار کا راستہ نہ روکا تو یہ بیرونی یلغار کا راستہ ہموار کرےگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج چاہتی ہے کہ تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز آپس میں بیٹھ کر قومی اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ عوام میں اعتماد پیدا ہو، ملک میں معاشی استحکام ہو اور جمہوری اقدار مزید مضبوط ہوں، ہمارے لئے تمام حقیقی سیاسی جماعتیں بلاتفریق قابل احترام اور مقدم ہیں۔
سانحہ9 مئی: فوجی تنصیبات کی سکیورٹی ناکامی پر لیفٹیننٹ جنرل سمیت اعلیٰ افسر فوج سے فارغ



















