بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، تمام سنٹرز پر کیش کی دستیابی اور سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو نقد رقم تقسیم کا عمل جاری ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تمام عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ضلع ساہیوال میں رجسٹرڈ 88ہزار خواتین میں سے 19 جون سے اب تک15076خواتین کو رقم تقسیم دی جا چکی ہے۔ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو ڈیوائسز کے آپریشنل ہونے، سنٹرز پر تعینات بنک ایجنٹس کی موجودگی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بنک افسران کو ہدایت کی کہ تمام سنٹرز پر کیش کی دستیابی اور اس کی سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام سنٹرز کے مقامات کی تشہیر کرنے اور عوام کےلئے آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ سائلین کا ایک ہی دن رش نہ ہو اور تمام عمل کسی رکاوٹ کے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی تعمیر سے متعلق اجلاس، کنسلٹنٹ نے جاری تعمیراتی کام بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی، دونوں اہم سڑکوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن دی جائے،کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی دو اہم سڑکوں ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی تعمیر نو کے لئے جاری کام کا جائزہ اجلاس کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے دونوں سڑکوں کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر عوام کو درپیش مشکلات پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹھیکیدار کی طرف سے دونوں سڑکوں کی تعمیر کی ڈیڈلائن 30جون مقرر کی گئی تھی تاہم اس تاریخ تک کام مکمل ہوتا نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کنسلٹنٹ کو ہدایت کی کہ ٹھیکیدار کےساتھ ملکر دونوں سڑکوں کی تعمیر کی حتمی تاریخ مقرر کرے اور کام مکمل کرنے کی ٹائم لائن بھی دے تاکہ موثر مانیٹرنگ کی جا سکے۔