لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے عید قربان کے موقع پر صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے اپنے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ 27355 مساجد اور امام بارگاہوں، 775 کھلے مقامات پر ہونے والے نماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 36258 افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی کے فرائض 08 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے۔2973 پولیس قومی رضاکار، 1468 سپیشل پولیس، 268 کیو آر ایف ٹیمیں بھی سکیورٹی انتظامات پر تعینات ہونگی جبکہ 11967 میٹل ڈکٹیٹرز، 263 واک تھرو گیٹس اور 4921 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نماز عید سکیورٹی انتظامات کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور عید تعطیلات کے دوران پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائےگی۔آئی جی پنجاب نے سپروائزی افسران کو ہدایت کی کہ وہ قوانین پر سختی سے عملدرآمدیقینی بنائیں، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ہلڑ بازی ہرگز برداشت نہیں کی جائےگی،ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے جاریکردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔ دریں اثناء33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا،نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد سے آئے وفد میں 04 خواتین سمیت 14 افسران شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے زیر تربیت افسرا ن نے ملاقات کی،وفد کو انسداد جرائم، پبلک سروس ڈلیوری کی جدید آئی ٹی ایپلی کیشنز اور ورکنگ سسٹم بارے آگاہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے وفد کو پنجاب پولیس کی جدید سروسز، فیلڈ فارمیشنز سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور بارے بریفنگ دی۔ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے پولیس فورس کی جدید آئی ٹی ایپلی کیشنز، سافٹ وئیرز اور پیپر لیس ورکنگ بارے آگاہ کیا۔
عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے : آئی جی پنجاب


















