عدلیہ قانون کی بالادستی قائم کرے ،جمہوری نظام کو پی ٹی آئی کی طرح بند گلی میں نہ دھکیلا جائے،بلاول بھٹو

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عدلیہ قانون کی بالادستی قائم کرے اگر نہیں کرسکتی تو پھر تالہ لگا دے، چیئر مین پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کریں اور معافی مانگیں ،لیڈر نے بات نہیں مانی اور اپنی پارٹی کو بند گلی میں پہنچا دیا،جمہوری نظام کوپی ٹی آئی کی طرح بند گلی میں نہ دھکیلا جائے،شہباز شریف (ن )لیگ سے زیادہ پیپلز پارٹی کے وزیراعظم ہیں ، آصف زرداری کے بارے میں مشہور ہے وہ یاروں کے یار ہیں،گواہی دیتا ہوں وزیر اعظم شہباز شریف جیسی محنت سے کام کرنے والا نہیں دیکھا،سیلاب متاثرین کے منصوبوں و یقین دہانی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کے وعدے پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں سیاست گالم گلوچ والی سیاست نہیں، سیاست کردار کشی والی سیاست نہیں ، کوشش ہوگی ہمیشہ مثبت سیاست کی جائے،دہشتگردی کےخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، کیوں دہشتگردی کا خاتمہ نہیں چاہیں گے؟،بلاول بھٹو نے مزید کہاپیپلزپارٹی دفاعی تنصیبات، شہداءکی یادگاروں اور حساس مقامات پر حملہ آور ہونے والوں کے دفاع کےلئے کبھی آگے نہیں آئے گی، ملک میں سیاسی استحکام لانے کےلئے میثاق جمہوریت پر کاربند رہتے ہوئے آئندہ آنے والی حکومت اور اپوزیشن کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہابڑوں کا احترام ثقافت ہے، مسائل کی درست نشاندہی بے حد ضروری ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار میرے انکل ہیں، میثاق جمہوریت کیلئے بڑا اہم کردار ہے، وزیراعظم ملک کو مسائل سے نکالنے کےلئے دن رات کام کر رہے ہیں، ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔

وزیر خارجہ نے کہاپی ٹی آئی کو پہنچنے والا نقصان چیئرمین پی ٹی آئی خود بھگتیں لیکن یقینی بنانا ہے بند گلی میں پورے جمہوری نظام کو نہ دھکیلا جائے، نقصان صرف غیر جمہوری سیاست کرنے والوں تک محدود رہے،سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، معاشی کیساتھ ساتھ سیاسی استحکام کا روڈ میپ بھی پیش کرنا ہوگا، الیکشن کا روڈ میپ قوم کے سامنے لانا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے زور دیاحکومت و اپوزیشن کیساتھ باقی اداروں کا بھی کردار ہے، تاکہ ملک میں سیاسی تقسیم کیساتھ ساتھ اداروں میں موجود تقسیم کو بھی ختم کریں ورنہ سیاسی استحکام قائم کرنا بہت مشکل ہوگا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہاامریکہ بھارت بڑھتے تعلقات سے پاکستان غیر محفوظ نہیں ہوجائے گا،پاکستان کےلئے ضروری ہے دنیا کی سیاست سے تھوڑا دور رہے اور اپنے اوپر توجہ دے جب اپنے معاشی مسائل حل ہوجائیں تو پھر دنیا میں اپنے اہداف حاصل کریں، پہلے بھی اپنے بل بوتے پر کھڑے تھے آگے بھی کھڑے رہیں گے، امریکہ بھارت مشترکہ اعلامیے کی وجہ سے نہیں بلکہ خود اپنے ملک کی خاطر دہشتگردی کیخلاف جنگ کررہے ہیں۔