عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں،وسائل کی منصفانہ تقسیم کےلئے پالیسی مرتب کی جائے،وزیراعظم

پیرس (مشرق نیوز) وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف، سعودی ولی عہد سمیت عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اشتراک عمل مزید بڑھانے اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق، شہبازشریف نے قرض پروگرام کے تحت فنڈز جلد جاری ہونے کی اُمید ظاہر کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات پیرس میں نیوگلوبل فنانشل پکٹ اجلاس کے موقع پر ہوئی اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف معاہدے کی تکمیل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی، اُمید ہے پاکستان کےلئے مختلف فنڈز جاری کردئیے جائیں گے، آئی ایم ایف قسط سے پاکستان میں معاشی استحکام، عوام کو ریلیف ملے گا۔ شہبازشریف نے کہا پاکستان آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی تکمیل کےلئے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے ملاقات میں 27 مئی کو ہونےوالے ٹیلیفونک رابطے کا بھی ذکر کیا اور معاشی استحکام و بہتری کےلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے زور دیا توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کےلئے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل کرلیں، حکومت آئی ایم ایف کےساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے جائزہ لینے کے جاری عمل پر اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کےلئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی حکومت اور عوام کےلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کےلئے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر میخواں کو خراج تحسین اور سربراہی اجلاس میں دعوت دینے، پرتپاک میزبانی پر صدر میخواں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے فرانسیسی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاآپ نے ترقی پذیر ممالک کےساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرا¿تمندانہ قدم اٹھایا، آپکا شکریہ، شہبازشریف نے کہا ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض، سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمد ترقی کے مسائل درپیش ہیں، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پذیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا، اہم مسئلے پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی آپ نے اہم کاوش کی۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں بھی عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے کوپ 27 کے شرم الشیخ میں ہونےوالے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیشرفت قرار دیا، شہبازشریف نے کہا شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر اہم پیشرفت کی بنیاد رکھی، شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہار کیاگیا وہ بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مزید وسعت دینے کے عزم اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔

شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات میںسیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپکی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔ وزیراعظم نے کہاسیلاب متاثرین کی بحالی، دوبارہ آباد کاری ترجیح ہے اور رہے گی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پذیر ممالک پر معاشی دباﺅ مزید بڑھا گیا، ترقی پذیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے، مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی مدد کےلئے بروئے کار لایا جائے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کےلئے پیرس میں سربراہی کانفرنس اچھی و درست سمت میں شروعات ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی انصاف کےساتھ ترقی پذیر ممالک کےساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے وزیراعظم، حکومت کے جذبے کو سراہا۔

وزیراعظم شہبازشریف ماحولیات کےلئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملے، دونوں نے ایک دوسرے کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری، امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا۔

شہبازشریف نے جان کیری سے گفتگو میں کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں ،مشترکہ حکمت عملی ،کوششیں درکار ہیں، جا ن کیری کوماحولیات کےلئے امریکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا مسئلے کی اہمیت کا ادراک ہے، شہبازشریف نے کہا کہ بڑھتے ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی ترقی و شرح نمو کو بری طرح متاثر کررہے ہیں،شدید معاشی مشکلات میں اکتوبر2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا،ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پذیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کےلئے خصوصی کردارادا کریں۔

وزیراعظم نے کہاکوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈکے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے، شہباز شریف نے کہانئے عالمی مالیاتی معاہدے کےلئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پذیر ممالک کےلئے امید کا پیغام ہے۔ وزیر اعظم نے کہاترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کےلئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے،جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پذیر ممالک کےلئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا، دونوں رہنماﺅںنے مشترکہ کوششوں کےلئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ برس اسی وجہ سے تباہ کن سیلاب سے گزرے،20لاکھ گھر مکمل تباہ ،33 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی،عوام نے سیلاب کی آفت کا بہت بہادری کےساتھ مقابلہ کیا،شہباز شریف نے کہا سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے ، وزیراعظم نے عالمی دنیا پر زور دیاوسائل کی منصفانہ تقسیم کےلئے پالیسی مرتب کی جائے۔