ساہیوال (چوہدری اشرف سے) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس اینڈیوتھ افیئرز وہاب ریاض کا کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کےلئے ساہیوال کا دورہ، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام جمنزیم ھال میں جاری کوچنگ اینڈ ٹریننگ سمر کیمپ کے دورے کے دوران ہال کے ایئر کنڈیشنز بند ہونے پر اظہار ناراضگی، کوچنگ اینڈ ٹریننگ سمر کیمپ میں بچوں کو دو شفٹوں میں ٹریننگ دی جائے،مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل و یوتھ افئیرز وہاب ریاض کی ڈویژن سپورٹس آفیسر کو ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز وہاب ریاض نے کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کےلئے ساہیوال کا دورہ کیا۔ انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جمنازیم ہال میں جاری کوچنگ اینڈ ٹریننگ سمر کیمپ کے دورے کے دوران ہال کے ایئر کنڈیشنز بند ہونے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہال کے تمام ایئر کنڈیشنز کو فوری چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کرنےوالے بچوں کی آسانی کےلئے صبح اور شام کی دو شفٹوں میں بچوں کو ٹریننگ دی جائے اور کھیلوں کےلئے سمر کیمپس میں زیادہ سے زیادہ بچوں کی شمولیت یقینی بنائی۔ انہوں نے ظفر علی سٹیڈیم میں زیر تعمیر سنتھیٹک ٹریک کو 25ستمبر سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گراونڈ میں لگی گھاس کی دیکھ بھال کا بندوبست بھی کیا جائے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل و یوتھ افئیرز وہاب ریاض نے جمخانہ کلب کا بھی دورہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہاں لگی لائٹس کو فنگشل رکھا جائے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈویژن سپورٹس آفسیر نثار احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں انہوں نے کمشنر آفس ساہیوال میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے کھیل و یوتھ افئیرز وہاب ریاض نے کہا کہ وزیر پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کےلئے گراس روٹ لیول پر کام شروع کردیا ہے اور ٹیلنٹ سامنے لانے کےلئے چیزوں کو بہتر کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلنٹ سامنے لانے کےلئے سالانہ سپورٹس کیلنڈر بنایا جائےگا اور دوسری کھیلوں کے ساتھ ساتھ ہاکی کے کھیل کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں -کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر ڈویژن بھر کے سکولوں، کالجز کے طلبہ و طالبات کے مابین مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
صوبے میں کھیلوں کے فروغ کےلئے گراس روٹ لیول پر کام شروع کردیا :وہاب ریاض

















