امریکہ ایسی صورتحال میں نہ دھکیلے جہاں مشکل انتخاب کرنا پڑے،خواجہ آصف

اسلام آباد( بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے ایٹمی اثاثے کسی جارحیت یا جارحانہ عزائم کیلئے نہیں ،امریکہ ایسی صورتحال میں نہ دھکیلے جہاں مشکل انتخاب کرنا پڑے، امریکہ سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور چاہتے ہیں رشتہ پھلے پھولے،پاکستانی مفادات کو ٹھیس نہ پہنچانے والی امریکہ بھارت شراکت داری سے کوئی مسئلہ نہیں۔

امریکی جریدے کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہاپاکستان کا استحکام یقینی بنانے کےلئے نمایاں بہتری کی ضرورت ہے ،بہتری کا واحد حل امریکہ،چین اور دوسری عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتے مشکل جغرافیائی و سیاسی توازن کو برقراررکھنے میں مضمر ہے ،پاکستان بھی اچھے تعلقات کاخواہشمند ہے،پاکستان تمام ملکوں کےساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے ،امن سے رہنا چاہتے ہیں ، امن نہ ہونے کی صورت میں اپنی معیشت بحال کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ،ایٹمی اثاثے کسی قسم کی جارحیت یاجارحانہ عزائم کےلئے نہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہابھارت کی موجودہ صورتحال نے پاک بھارت صورتحال حال کو مزید خراب کیا ،مودی کے اقتدار میں بھارت کا سیکولر نظریہ ہندو قوم پرست نظرئیے سے بدل گیا، بھارت نے اپنے ملک کے اندر قوم پرستانہ موقف اختیار کر رکھا ہے،امریکہ اور پاکستان کے علاقائی شراکت داروں کےساتھ تعلقات کے درمیان بھی توازن ہونا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہاپاکستان کو معاشی و سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے، معاشی استحکام ہونے تک سیاسی استحکام بھی نہیں آ سکتا، معاشی استحکام آ جائے تو ایسی صورتحال سے نمٹنے کےلئے بہتر پوزیشن میں ہوں گے،ملک میں عام انتخابات کا عمل شفاف بنائیں گے، آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی معاشرے میں تقسیم روکنے کا طاقت ور طریقہ ہیں۔