یونان کشتی حادثے میں298پاکستانی جاں بحق،دفتر خارجہ کاتصدیق سے گریز

ایتھنز،اسلام آباد،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،مشرق نیوز،بیورورپورٹ)یونان کشتی حادثے میں298پاکستانی جاں بحق،لاشیں ناقابل شناخت،صرف12 بچ سکے، یونانی حکومت نے ریسکیو آپریشن بند کر کے تمام لاپتہ افراد کو مردہ قرار دےدیاجبکہ دفتر خارجہ نے کہافی الحال حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد و شناخت کی تصدیق نہیں کر سکتے،ملوث انسانی سمگلر اور9ایجنٹوں کو گرفتار کرلیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق یونان میں ہونےوالے کشتی حادثے میں298پاکستانی جاں بحق ہوگئے،کشتی میںسوار310پاکستانیوں میں سے صرف 12 بچ سکے، یونانی حکومت نے ریسکیو آپریشن بند کر کے تمام لاپتہ افراد کو مردہ قرار دے دیا،یونانی حکومت کی طرف سے ریسکیو آپریشن 4 روز تک جاری رہا ،کسی بھی تارکین وطن کو آخری 2 دونوں میں ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونےوالے 79 افراد کی لاشیں مل گئیں ،شناخت نہیں ہو سکی، ڈی این اے کے بعد ہی جاں بحق ہونےوالوں کی شناخت ممکن ہوگی، سانحہ میں مجموعی طور پر 104 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

زندہ بچ جانےوالے پاکستانیوں نے واقعہ کی روداد سنا تے ہوئے کہا310 پاکستانی کشتی میں سوار تھے، جہاز پچھلے کئی دن سے سمندر کے اندر خراب تھا،ٹیک کرنے کی بجائے چھوٹی کشتی سے کھینچنے پرالٹ گیا،حادثے کا شکار ہونےوالے پاکستانیوں میں 135 کا تعلق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے۔

واقعہ کے بعد بنڈلی گاو¿ں میں کہرام مچ گیا،لواحقین اپنے پیاروں کےلئے پریشان ہیں،سیالکوٹ کے 27 سالہ کاشف بٹ کے والد نے کہا ایجنٹ کو ہوائی جہاز کے ذریعے اٹلی جانے کےلئے 23 لاکھ روپے ادا کیے ، ایجنٹ کا تعلق نوشہرہ ورکاں سے ہے ،پارٹنر ایف آئی اے کا اہلکار ہے۔

ادھر زندہ بچ جانے والوں میں 12 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہافی الحال حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد و شناخت کی تصدیق نہیں کر سکتے،یونان میں پاکستانی سفیر ، عملہ ورثا اور 78 لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہو گی،شناخت کا عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کےساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے انجام پائے گا،کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو یونان میں سفارت خانے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا 12 پاکستانیوں کو یونان کے کوسٹ گارڈز نے بچایا، پاکستانی سفارتی عملہ یونانی حکام کےساتھ مسلسل رابطے میں ہے، میری دعائیں بدقسمت کشتی حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والوں کےساتھ ہیں۔

کمشنر میرپور آزاد کشمیر چودھری شوکت علی نے کہاحادثے کا شکار نوجوان 3 سے 4 ماہ پہلے بیرون ملک گئے تھے، نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے باہر بھیجنے والے ایجنٹس کا تعلق گجرات، منڈی بہاو¿الدین اور گوجرانوالہ سے ہے،تمام نوجوان روزگار کے سلسلے میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر اٹلی، یونان ،برطانیہ جا رہے تھے۔

افسوسناک واقعہ پر ڈسٹرکٹ بار کوٹلی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کرکے3 روزہ فیسٹیول منسوخ کر دیا ۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والے ایجنٹ کو کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا ،ایف آئی اے کے مطابق ساجد محمود آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا،کئی ماہ سے روپوش تھا ،گرفتاری کے بعد ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کردیا گیا۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد چوہان نے کہا انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کےخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ،غیر قانونی طریقے سے نوجوانوں کو یورپ بھیجنے والے 9 ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا لیبیا سے یونان جاتے ہوئے 310 پاکستانی سمندر میں ڈوب گئے، وزیر داخلہ ایوان کو اعتماد میں لےں، ملک کی ایجنسیاں کیا کررہی ہیں؟، واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نوٹس لیتے ہوئے ذمے داروں کےخلاف کارروائی کے احکامات جاری کردئیے اور وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔