سمندری طوفان بپر جوئے کی پیش قدمی،شدت میں کمی

کراچی،نئی دہلی(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بپر جوئے کی پیش قدمی،شدت میں کمی،کراچی میں مٹی کاطوفان،گرد ہواﺅں کاراج،امتحانات ملتوی،ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے حفاظتی دستے تیار،پاک بحریہ بھی ہائی الرٹ،محکمہ موسمیات نے 16واں الرٹ جاری کردیا،وزیراعظم نے عوام کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کردی جبکہ طوفان نے بھارت میں تباہی مچا دی ،8افرادہلاک، سکولوں میں تعطیلات ،ماہی گیری معطل کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ،بھارت کی جانب پیش قدمی کرنے والے طوفان بپر جوئے انتہائی شدید سائیکلونک سٹارم سے ایک درجہ کم شدید ہوکربہت شدید سائیکلونک سٹارم میں تبدیل ہوگیا ،شہر قائدمیں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں اور بعض مقامات پر مٹی کا طوفان بھی آیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے 15 واں الرٹ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سسٹم کراچی سے 410کلومیٹر، ٹھٹھہ 460 کلومیٹر اور اورماڑہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، طوفان مسلسل شمال کی جانب 4 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، طوفان کا رخ شمال مشرق کی جانب مڑنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ نے کہا طوفان کی زیادہ سے زیادہ شدت کے ساتھ ہوائیں 140سے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیںاوراطراف 30 فٹ اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ،طوفان 15جون کی دوپہر یا شام کو سندھ میں کیٹی بندر ،بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان میں ہواو¿ں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے،جنوب مشرقی ساحلی پٹی پرطوفان پہنچنے کے باعث آندھی ،گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے وہ 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جائیں،طوفان کے پیش نظر ٹھٹھہ ،بدین اور سجاول سمیت ساحلی پٹی سے انخلاءتیز کردیا گیا ، طوفان کی آمد سے قبل 90 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرنے کا ٹارگٹ ہے جس کے باعث کیٹی بندر شہر خالی کرایا جانے لگا۔

بدین ،سجاول سے بھی متاثرین کی ریلیف کیمپوں میں منتقلی کی جارہی ہے،شہر قائد میں امتحانات ملتوی کردئیے گئے،کراچی کینٹ، بدین اور حیدرآباد سے پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے ساحلی علاقوں میں بھیج دیئے گئے۔

ادھر پاک بحریہ سمندری طوفان بپر جوئے کے پیش نظر سندھ کے ساحلی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے و بر وقت مدد فراہم کرنے کےلئے اپنے تمام وسائل اور مطلوبہ اثاثوں کےساتھ ہمہ وقت تیار ہے، پا ک بحریہ کے دستوںنے شاہ بندر سے متصل گوٹھوں سے لگ بھگ 1000افراد کی محفوظ مقام پر نقل مکانی میں مدد فراہم کی اور 64ماہی گیروں کو سمند ر سے ریسکیو کیا،بدلتی صورت حال اور بر وقت امدادی کاروائیوں کی نگرانی کےلئے ہیڈ کوارٹر کمانڈر کراچی میں سائیکلون مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا۔

پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس اور طبی ٹیمیں بلوچستان کے ساحلی و سندھ کے دیہی علاقوں بشمول حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر و سانگھڑ میں ناگہانی صورت حال سے نمٹنے اور فوری امداد فراہم کرنے کےلئے تعینات کردی گئیں۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے دنیا میں جہاں بھی سائیکلون آتے ہیں وہاں کا حل لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہے، معاملے میں 50 سے 60 ہزار لوگوں کے نقل مکانی کا امکان ہے،طوفان کی شدت برقرار رہی تو مزید حفاظتی اقدامات کریں گے۔

دوسری جانب بائپر جوائے نے بھارت میں تباہی مچا دی،متعددافراد ہلاک ہوگئے،ہلاکتیں ممبئی ،راجکوٹ میں ہوئیں، گجرات میں بھی حالات خراب ہوگئے، سکولوں میں تعطیلات اور ماہی گیری معطل کردی گئی جبکہ بھارتی محکمہ موسمیات نے بھی تصدیق کی سمندری طوفان بپر جوئے کی شدت کم ہوگئی ، طوفان کے آگے بڑھنے کی رفتار کم ہوکر 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی اور وہ شمال کی طرف بڑھ رہا ہے، طوفان کا مرکز گجرات کے پوربندر کے جنوب مغرب میں ہے، طوفان جمعرات کو سوراشٹرا،کچ اور پاکستانی ساحلوں کو عبور کرےگا۔