دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل،ایسے سیل میں رکھا گیاٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں،پرویزالٰہی

لاہور (کورٹ رپورٹر،خبر نگار)سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل، لاہور ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کےخلاف اپیل پرسماعت کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا جوڈیشل مجسٹریٹ نے قانونی طور پر پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا، جوڈیشل ریمانڈ کے بعد ضمانت کیلئے درخواست دی، محکمہ اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ نہ دینے پر فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کردیا،درخواست میں مزید کہا گیا سیشن عدالت نے کسی قانونی جواز کے بغیر جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کیا، دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بے بنیاد ہے، عدالت سیشن عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ کےلئے پیش کرنے کا سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا۔

دریں اثنا کمرہ عدالت میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا جس سیل میں مجھے رکھا گیا اس میں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں، ٹانگیں ٹیڑھی کر کے سیل میں رہنا پڑتا ہے، جیل کے چھوٹے سے کمرے میں بند ہوں ،10روز سے ایک ہی شلوار قمیض پہنی ہے ،طبیعت ٹھیک نہیں ،دوائی نہ ہی ڈاکٹر کی سہولت ہے، میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں،میں نے تو اپنے دور میں کسی سے برا سلوک کیا نہ کسی کو اپنا دشمن سمجھا، 10دن بعد لوگوں کو دیکھ رہا ہوں، ملاقات کرانا تو دور کی بات ہے۔

صحافی نے سوال کیا چودھری صاحب! کیا آپ تحریک انصاف چھوڑ رہے ہیں؟ انہوں نے جواب دیامجھے ملنے نہیں دیا جا رہا پریس کانفرنس کیسے کر دوں؟۔