اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں ملک کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، زرمبادلہ بہتر بنانے کیلئے باہر پڑے پیسے پاکستان میں رکھیں،حکومت کی مجبوریوں کو سمجھ سکتے ہیں،سب کی ذمہ داری ہے تعاون کریں ،عدالت عظمیٰ نے غیر منقولہ پراپرٹی پر عائد100فیصد ٹیکس دینے پر حکم امتناع جاری کردیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بیرون ملک اثاثوں پر ٹیکس نفاذ کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی،سپریم کورٹ نے 100 فیصد ٹیکس ادا کرنے کی ایف بی آر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو غیر منقولہ جائیدادوں پر 50 فیصد ٹیکس ادا کرنے کا حکم دےدیا،فیصلے کا اطلاق منقولہ جائیداد پر نہیں ہوگا۔
چیف جسٹس نے کہا نئے ٹیکس سسٹم کی خامیوں کو دیکھنا ہوگا ،مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے کریٹو ٹیکسیشن کرنا ہوگی، عدالت نے جو کچھ بھی کرنا آئین و قانون کے مطابق کرنا ہے،ایف بی آر کے ممبر لیگل نے بتایا معاملہ اربوں کا ہے، عدالت نے حکم امتناع جاری کیا تو باقیوں کیساتھ زیادتی ہوگی، ٹیکس پالیسی پر ایسے ریلیف ملنا شروع ہوگیا تو مشکلات بڑھیں گی، چیف جسٹس نے کہا جو 100فیصد ٹیکس ادا کرنا چاہیے تو عدالت کو کوئی اعتراض نہیں ۔
دریں اثناسپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخودنوٹس نمٹا دیا،جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکورونااب عالمی سطح پر وبا نہیں رہی، جسٹس اعجازالاحسن نے کہاوبا ختم ہوگئی تو ازخودنوٹس بھی نمٹا دینا چاہیے، جسٹس عائشہ ملک نے کہاکورونا سے حاصل سبق مستقبل کیلئے استعمال کیا جائے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ملک بھر کے جنگلات مقدمے کی سماعت کے دوران مارگلہ ہلز میں مائننگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہامارگلہ پہاڑی میں اسلام آباد والی سائیڈ پر جنگلات موجود ہیں مگر دوسری طرف مائنگ کی جارہی ہے ،عدالت عظمیٰ نے چاروں صوبوں سے جنگلات کی زمینوں کو واگراز کرنے ،مارگلہ کے پہاڑوں پر مائننگ تفصیلات طلب کر لیں۔
زرمبادلہ بہتر بنانے کیلئے بیرون ممالک پڑے پیسے پاکستان میں رکھیں،سپریم کورٹ


















