درباربی بی پاکدامن کی تعمیرو توسیع و تزئین و آرائش کو محرم سے قبل مکمل کیا جائے:محسن نقوی

لاہور(اپنے نمائندے سے،سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں منعقدہ اجلاس میں دربار حضرت بی بی پاکدامن کی تعمیر و توسیع اور تزئین وآرائش کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا، نگران وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی دربارحضرت بی بی پاکدامن کی عمارت کے نئے ڈیزائن میں مذہبی عقیدت و احترام کے رنگ کو نمایاں رکھا جائے اور دربارحضرت بی بی پاکدامن کی تعمیرو توسیع و تزئین و آرائش کے پراجیکٹ کو محرم الحرام سے قبل مکمل کیا جائے،قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا دورہ کیااور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے آڈیٹوریم، سیمپل سنٹرز،لیبز،میٹنگ روم اور دیگر شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کااظہارکیا اور ٹیم کو شاباش دی۔محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کو اسی رفتار سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوامی اہمیت کے منصوبے کو جلد فنکشنل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کو آپریشنل کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے، فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے،علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران کا خیرمقدم کیا۔سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی پرنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ سے آنے والے افسران ہمارے مہمان ہیں۔ سائل سے اچھا سلوک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے۔ روایتی تعلقات کی بجائے لوگو ں سے مضبوط تعلق استوار کریں۔ اچھے کامو ں میں نام پیدا کریں جوآپ کی پہچان بنے۔