شہداءاور غازیوں کی عزت و تکریم ہم پر لازم ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا اور غازیوں کو اعزازات دینے کا سلسلہ جاری،آئی جی پنجاب نے شہدا کے ورثاءکو سونے کے میڈلز، غازیوں کو چاندی کے تمغوں سے نوازا،آئی جی پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا،زخمی ہونے والے غازیوں کی عزت و تکریم ہم پر فرض ہیں،قوم کے بہادر سپوتوں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی شہدا اور غازی یادگاری وال بنائی گئی ہیں،ان دیواروں پر شہداءاور غازیوں کے نام سنہری الفاظ میں درج ہیں، تمام شہداءکو گولڈ اور غازیوں کو سلور میڈلز سے نواز رہے ہیں،خطرناک کریمینلز کی سرکوبی کرنے والے نڈر پولیس جوانوں کو بہادری میڈلز دینے کا سلسلہ شروع کریں گے،2017 سے قبل کے شہدا کے ورثا کو ذاتی رہائش فراہم کرنے کا انتظام کر لیا گیا ہے، غازیوں کی بحالی، علاج معالجے اور جدید آلات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،یہ غازی جلد صحت یاب ہوکر دوبارہ اسی عزم و ہمت و ولولے سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے،شہدا کے بچوں کی بہترین تعلیم ، ملازمتوں سمیت ویلفیئر کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،شہداءکے بچوں، والدین اور اہل خانہ اور غازیوں نے عزت افزائی پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے انسپکٹرز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر افسران نے ترقی پانے والے انسپکٹرز کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ فیصل آباد ریجن کے 20 اور شیخوپورہ ریجن کے 22 افسران کو نئے عہدے کے رینک لگائے گئے۔ انسپکٹرز کی عزت افزائی کی تقریب میں انکے اہل خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے محکمانہ ترقی پر انسپکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے بھرپور محنت اور فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے، تمام افسران نئے عہدے کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت ، فرض شناسی اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں۔ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ بہترین کمانڈر کے طور پر ماتحتوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں ، ان کی ضروریات کا خیال رکھیں، اچھی کارکردگی کیلئے ہر ممکن رہنمائی کریں، خوش اخلاقی ، حسن سلوک اور خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت اور حفاظت کریں۔آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے چار ماہ کے دوران ہر رینک اور فیلڈ فارمیشنز میں ریکارڈ ترقیاں دی گئیں، ترقیوں کا یہ سفر جاری رہے گا، اعلیٰ کارکردگی، بہتر رویے اور انسداد جرائم سے ان ترقیوں کا حقیقی فائدہ عوام الناس کو پہنچائیں، ظالموں ، ڈکیتوں، راہزنوں، منشیات فروشوں، بدمعاشوں اور عوام کے درمیان سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر پنجاب ریاض نذیر گاڑا،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس،ڈی آئی جی ویلفیئرغازی صلاح الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔