روس سے تعلقات کافروغ چاہتے،ملک میں تبدیلی فوجی تنصیبات پر حملوں سے نہیں آئے گی،بلاول بھٹو


اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کا اصل مسئلہ ہے فوج مدد کیوں نہیں کر رہی،پاکستان میں تبدیلی فوجی تنصیبات پر حملوں سے نہیں آئے گی،حملہ آوروں کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،روس سے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں،چین ،پاکستان کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان اہم شراکت داری ہے، سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگا،عراق ،پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ، تاریخی، مذہبی و ثقافتی تعلقات ہیں،پاکستان سمیت پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، سقوط کابل کے بعد نئی حکومت سے بہت توقعات تھیں، افغان عبوری حکومت عالمی برادری سے وعدے پورے کرے اور عالمی برادری طالبان حکومت سے رابطے رکھے۔

وزیر خارجہ نے کہاسقوط کابل کے بعد پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں اضافہ ہوا ، افغان حکومت پر پاکستان کی پوزیشن عالمی برادری والی ہے، افغانستان اپنی سرزمین دوسرے ملکوں میں دہشتگردی کےلئے استعمال نہ ہونے دے،سعودی عرب ،ایران میں سفارتی تعلقات کا قیام خطے کےلئے بھی مثبت اقدام ہے۔

ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پاکستان عبوری دور میں ہے جہاں جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا اصل مسئلہ ہے فوج مدد کیوں نہیں کر رہی، چیئرمین پی ٹی آئی کے فوج سے مسائل اس وقت ہوئے جب فوج نے غیر سیاسی ہونے کا فیصلہ کیا،بلاول بھٹو نے کہاپاکستان میں تبدیلی فوجی تنصیبات پر حملوں سے نہیں آئے گی، پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایت پر لاہور میں کور کمانڈر ہاوس سمیت دیگر فوجی املاک پر حملہ کیا گیا،ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہوگی۔