اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال2023-24کا بجٹ پیش کر دیا، بجٹ کیلئے مجموعی طور پر 14ہزار 460ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 اور پنشن میں 17.5فیصد اضافہ کیا گیاہے۔
وزیر خزانہ نے کہا اگلے سال ایف بی آر محاصل کا تخمینہ 92کھرب روپے ہے جس میں صوبوں کا حصہ 52کھرب 76ارب روپے روپے ہوگا، وفاقی نان ٹیکس محصولات 29کھرب 63ارب روپے ہوں گے، وفاقی حکومت کی کل آمدن68کھرب 87ارب روپے ہوگی،وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 144کھرب 60ارب روپے ہے جس میں سے سود کی ادائیگیوں پر 73کھرب 3ارب روپے خرچ ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے بتایا ہے کہ اگلے سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے لیے 9کھرب 50ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ذریعے 2 کھرب روپے کی اضافی رقم کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 11کھرب 50ارب روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر ہوگا۔
اسحاق ڈار نے بتایا ملکی دفاع کے لیے 18کھرب 4ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، گزشتہ مالی سال دفاعی بجٹ 15کھرب 23ارب روپے تھا جس میں اس سال اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا سول انتظامیہ کے اخراجات کیلئے 7کھرب 14ارب روپے مہیا کیے جائیں گے، پنشن کی مد میں 7کھرب 61ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،بجلی، گیس اور دیگر شعبہ جات کے لیے 10کھرب 74ارب روپے کی رقم بطور سبسڈی رکھی گئی ہے،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا میں ضم شدہ اضلاع، بے نظیر پروگرام، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، ریلویز اور دیگر محکموں کیلئے 14کھرب 64ارب روپے کی گرانٹ مختص کی گئی ہے۔
آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش،تنخواہوں میں 35،پنشن میں 17.5فیصد اضافہ

















