”استحکام پاکستان پارٹی“ کی لانچنگ تقریب،بڑ ے بڑے برج شامل

لاہور (خبر نگار)”استحکام پاکستان پارٹی“ کی لانچنگ تقریب،بڑ ے بڑے برج شامل،جھنڈا سرخ ، سفید اور ہرے رنگ پر مشتمل ،چاند ستارہ بھی واضح ہے ،سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“کاباضابطہ اعلان کیا،اس موقع پر عبدالعلیم خان، عمران اسماعیل و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

جہانگیر ترین نے کہاملک کو کھوکھلا کرنے والے انتشار کو ختم کرنا ہے،سیاست میں آنے سے لےکر اب تک ایک ہی مقصد رہا ملکی ترقی میں کردار ادا کروں، بہت سارے لوگوں سے ملا ہوں، سب کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ، میں روایتی سیاست دان نہیں ،پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا تاکہ ملک میں اصلاحات لائی جا سکیں بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا،معاملات ویسے نہ چل سکے جیسے چاہتے تھے، پی ٹی آئی کا منشور کچھ اور تھا، 9مئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو بدل کر رکھ دیا اگر شرپسندوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو کل پھر سیاستدانوں کے گھروں تک پہنچیں گے،

سینئر سیاستدان نے کہاچند سال کے واقعات نے معیشت، سیاست کو شدید نقصان پہنچایا ، موجودہ صورتحال میں عوام کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں، اسی لیے اکٹھے ہوئے ، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کوشش کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے زخموں پر ملکر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو تقسیم کو ختم اور قوم کو امید کا بیانیہ دے،سیاست کو نئی سمت کی ضرورت ہے، جمہوری نظام اسی صورت مضبوط ہو سکتا ہے حکومت ،اپوزیشن آئینی ذمہ داریوں کو سمجھیں، آنےوالے دنوں میں مزید لوگ پارٹی میں شامل ہوں گے، مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پارٹی سربراہ نے کہاآنے والے دنوں میں اصلاحی ایجنڈا سامنے لائیں گے، الیکشن میں بہتر سے بہتر نتائج حاصل کریں گے، برآمدات کو بڑھانا اور آئی ٹی سیکٹر کو اٹھانا ہے، جماعت کا مقصد نوجوانوں کی ترجمانی کرنا ہے، معاشرے کے طبقات کی آواز بنیں گے، جماعت ترقی و خوشحالی کی علامت ہو گی۔

اس موقع پر علیم خان نے کہا موجودہ صورتحال پر تمام پاکستانی پریشان ہیں، 9مئی کے بعد لوگ فکر مند تھے، تمام دوستوں سے رابطہ کر کے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا، جہانگیر ترین نے سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، سب دوستوں کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں،ملکر پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

ادھر جماعت کاپرچم بھی فائنل کرلیا گیا، ”استحکام پاکستان پارٹی“ کا جھنڈا سرخ ، سفید اور ہرے رنگ پر مشتمل ہے،چاند ستارہ بھی واضح ہے، مقصد قوم کو امید دلاناہے