کچہ آپریشن ،2 ماہ میں 12 خطرناک ڈاکو ہلاک، 8 سے زائد زخمی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا گرینڈ کچہ آپریشن 60 ویں روز بھی جاری رہا اور پولیس کے بہادر جانبازوں نے کچہ کے ڈاکووں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹیمیں کلئیر کروائے گئے کچہ کے علاقوں میں امن و امان کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار و مستعد ہیں اور کچہ کریمینلز کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ مجرموں کی بیخ کنی کیلئے ٹارگٹڈ کاروائیوں اور پولیس ٹیموں کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزمیں تیزی لائی جائے اورڈاکوو¿ں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 2 ماہ کے دوران کچہ آپریشن میں 12خطرناک ڈاکو ہلاک، 8 سے زائد زخمی، 26 سرنڈر جبکہ51 ڈاکو گرفتار کیے گئے، دوران آپریشن آپریشن میں ڈاکوو¿ں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار قاسم شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نو گو ایریا سمجھی جانے والی 60 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ اراضی واگزار کروائی گئی جبکہ کلیئر کرائے گئے علاقوں میں 3 پولیس کمیونٹی سکول، 2 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے سافٹ وئیر انجینئر حسنین سے ملاقات کی اور بے مثال عزم و ہمت پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سنٹرل پولیس آفس کے مانیٹرنگ سیل میں تعینات محمد حسنین کی دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو مکمل طور پر مصنوعی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے حسنین کو والدہ کے ہمراہ دفتر مدعو کیا اور اعلیٰ خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے تھانوں کی حوالات اور ایس ایچ او رومز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کے پراجیکٹ میں حسنین کی خدمات کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ حسنین جیسے نوجوان اپنی محنت، لگن اور عزم و حوصلہ کی وجہ سے معاشرے کیلئے قابل تقلید ہیں،محمد حسنین کی کامیابی میں انکی باہمت والدہ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے ان تھک محنت سے معذوری کے باوجود اپنے بیٹے کو کامیاب انسان بنایا۔