ایگزیکٹو سپریم کورٹ کے اختیارات میں مداخلت نہ کرے، سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع، چیف جسٹس سمیت 3 ججز پراعتراضات کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ، جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ایگزیکٹو سپریم کورٹ کے اختیارات میں مداخلت نہ کرے، چیف جسٹس آئینی عہدہ ہے، مفروضے کی بنیاد پر چیف جسٹس کا چارج کوئی اور استعمال نہیں کرسکتا، بغیر تصدیق آڈیوز پر پریس کانفرنس کرنیوالے وزیر کو ہٹایا جاتا یا استعفیٰ آتا، سب فریقین کوسن لیا،درخواست پرسوچ بچارکریں گے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے آڈیو لیکس کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی،سماعت کا آغاز ہوا تو درخواست گزار نے کہا کہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کےخلاف توہین عدالت کی درخواست مقرر نہیں ہوئی، چیف جسٹس نے کہا توہین کا معاملہ عدالت اور توہین کرنےوالے کے درمیان ہوتا ہے، توہین عدالت کی درخواست بھی دیکھ لیں گے، توہین عدالت کی درخواست پر لگے اعتراضات ختم کئے جائیں۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے تو عدالت کے استفسار پر بتایا کسی کیس میں ججز کے ذاتی مفاد کے ٹکراو¿ پر بات کرونگا، چیف جسٹس نے کہا آپ کی درخواست میں ایک کمی ہے، چیف جسٹس آئینی آفس ہے جس کے اپنے اختیارات ہیں اگر چیف جسٹس موجود نہ ہو تو پھر قائم مقام چیف جسٹس کام کرتا ہے، توہین عدالت کی درخواست اعتراضات ختم ہونے کے بعد دیکھ لیں گے، جج کو توہین عدالت کی درخواست میں فریق نہیں بنایا جاسکتا، اٹارنی جنرل صاحب، چیف جسٹس پر الزامات لگا کر بنچ سے الگ ہونے کا نہیں کہا جاسکتا، چیف جسٹس یا جج پر الزامات لگا کر اختیارات کم نہیں کئے جاسکتے، چیف جسٹس صرف غیرموجودگی میں اپنا قائم مقام مقرر کرتا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا درخواست کے پہلے حصے میں بنچ پر اعتراض اٹھایا گیا، بنچ کی تشکیل پر حکومت نے اعتراض اٹھایا ، انکوائری کمیشن کی تشکیل کےخلاف کیس سننے والے بنچ پر اعتراض ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کیسے مفروضے پر بات کرسکتے ہیں کیس میں چیف جسٹس سمیت 2 ججز کا مفاد وابستہ ہے؟ ایگزیکٹو سپریم کورٹ کے اختیارات میں مداخلت نہ کرے، انکوائری کمیشن بنانے سے قبل پوچھا تک نہیں گیا، محض الزامات کی بنیاد پر ججز پر اعتراض نہیں کیا جاسکتا، اٹارنی جنرل نے ججز کے ذاتی مفاد پرسپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔

جسٹس منیب اختر نے کہا آپ پہلے اپنی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں، انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کاپہلے بتائیں، حکومت کا کیا کیس ہے آڈیوز اوریجنل ہیں، کیا حکومت آڈیوز کی تصدیق ہونے اور درست ہونے کا موقف اپنا رہی ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا حکومت نے آڈیوز کو مبینہ کہا اور تحقیقات کےلئے کمیشن قائم کیا، جسٹس منیب اختر نے کہا کیا درست ہے ہیکر نے آڈیوز لیک کیں اور وزرا نے پریس کانفرنس کر کے پبلک کیا؟ وزیر داخلہ نے آڈیوز لیکس پر پریس کانفرنس کی، کیا یہ ان سے متعلقہ معاملہ تھا؟ آڈیوز کی تحقیقات کیے بغیر کیا میڈیا پر تشہیر کی جاسکتی ہے؟۔

اٹارنی جنرل نے کہا ججز کا ضابطہ اخلاق کا آرٹیکل 4 کہتا ہے ججز کو قریبی عزیزوں و دوستوں کے مقدمات نہیں سننے چاہئیں، جسٹس منیب اختر نے کہا آڈیوز کے درست ہونے یا نہ ہونے سے پہلے ہی حکومت نے پبلک کر کے اپنا فیصلہ سنا دیا، تحقیقات کے بغیر کیا پریس کانفرنسز کرنی چاہئے تھیں؟ وزیراعظم کو آ کر کہنا چاہیے تھا وزرا کی پریس کانفرنس سے تعلق نہیں، قانون کے مطابق کیا بغیر حقیقت جانے حکومتی عہدیدار جج پر الزام لگا سکتا ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کسی وزیر کی پریس کانفرنس کو کابینہ کا فیصلہ یا بیان نہیں کہہ سکتے، دیکھنا ہو گاوزرا کے بیانات 9 مئی سے پہلے کے ہیں یا بعد کے۔

جسٹس منیب اختر نے کہا وزیر اگر اپنی مرضی سے بات کرے تو کابینہ کا بیان تصور ہوگا، وزرا پریس کانفرنسز میں سب کہہ چکے تو درخواست کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا9 مئی کے بعد حکومت نے انکوائری کمیشن قائم کیا، چیف جسٹس نے کہا کیا حکومت نے اپنے وسائل استعمال کر کے پتہ کیا آڈیوز ریکارڈ کہاں اور کیسے ہو رہی ہیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا حکومت نے آڈیوز کی تحقیقات اور اسی لئے کمیشن تشکیل دیا ، حکومت چاہتی تھی انکوائری کمیشن آڈیوز کی تمام تر تحقیقات کرے۔

چیف جسٹس نے کہاکتنا منفرد و خوبصورت انصاف ہے بڑی عدالت کے ججز پر الزام لگا دیا جائے، کیا انصاف دینے والوں پر الزام تراشی کرنا انصاف ہے، پریس کانفرنس کرکے ججز پر الزامات لگائے گئے، اٹارنی جنرل نے کہا میں کابینہ کے موقف کا دفاع کروں گا کسی انفرادی وزیرکا نہیں، چیف جسٹس نے کہا میڈیا و پیمرا سے جواب مانگیں گے ججز پر الزامات کی تشہیر کیسے کی گئی، انڈی بیل کا پتہ چلا؟ اس ٹوئٹر ہینڈل کا پتہ کریں وہ ملک سے یا بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہا ہے؟ جسٹس منیب اختر نے کہا کوئی بھی انڈی بیل ہیکر سے کہہ کر ججز کےخلاف جھوٹی خبریں لگوا سکتا ہے، ایسے نہیں ہوتا کوئی اعتراض اٹھائے اور جج بنچ سے الگ ہو، سوشل میڈیا کے منفی پہلو بھی ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا لیک آڈیوز میں ایک چیف جسٹس کی ساس سے متعلق ہے۔

جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کیا آپ کا اس وقت کیس یہ ہے آڈیوز بادی النظر میں درست ہیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی حکومت نے معاملے پر ابھی صرف کمیشن بنایا ، نہیں معلوم آڈیوز واٹس ایپ کال کی ہیں یا فون کال کی، جسٹس منیب اختر نے کہا ایگزیکٹو نے اختیارات کی تقسیم میں مداخلت کی، اب حکومت آکر کہہ رہی ہے ججز کیس نہ سنیں، بغیر تحقیق بیان دینے پر تو وزیر کو ہٹا دیا جاتا یا وہ مستعفی ہوجاتا، اتنے اہم ایشو پر کابینہ کی اجتماعی ذمہ داری سامنے آنی چاہیے تھی وزیر اگر چائے پینے کا کہے تو الگ بات یہاں بیان اہم ایشو پر دیا گیا،جسٹس منیب اختر نے کہا اگر آڈیوز قانونی طور پر درست ہیں پھر تو ٹھیک ہے ایسے تو کل کوئی بھی آڈیو لےکر آئیگا جج صاحب بنچ سے الگ ہوجائیں، سوشل میڈیا کی بڑی طاقت ہے لیکن غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔

اٹارنی جنرل نے کہا جو بیان کر رہا ہوں وفاق ،حکومت کی رائے ہے، جسٹس منیب اختر نے کہا اگر وزیر خزانہ معیشت پر بیان دیں تو وہ حکومتی پالیسی بیان نہیں ہو گا؟ کیا حکومت کی پالیسی و وزرا کے بیانات ایک نہیں؟ کیا بینظیر کیس 1996 میں7ممبر بنچ کا فیصلہ غلط ہے؟ آرٹیکل 4 سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے واضح ہیں، 1996 میں محترمہ بینظیر کی حکومت ختم ہوئی تھی، محترمہ بینظیر کے دور میں عدلیہ و سینئر حکام کی کال ریکارڈنگ کا الزام لگا، کیس عدالت آیا تو 7 رکنی لارجر بنچ نے کال ریکارڈنگ پر فیصلہ دیا، محترمہ بینظیر بھٹو کیس سننے والے7 میں سے 4 ججز کے فونز کی ٹیپنگ کی گئی،اٹارنی جنرل نے کہا کیس میں صدر کے اختیارات کا سوال تھا۔

جسٹس منیب اختر نے کہابینظیر کیس میں بنچ پراعتراض نہیں ہوا، اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی حکومت کا کیس بالکل نہیں ججز کی بدنیتی شامل ہے، وفاقی حکومت کا کیس تعصب کا نہیں مفادات کے ٹکراو¿ کا ہے، کالز کیسے ریکارڈ کی گئیں کمیشن کے ذریعے تمام عوامل کا جائزہ لیا جائےگا معاملہ اگر سپریم کورٹ کے تمام ججز سے متعلق نکل آئے پھر نظریہ ضرورت پر عمل ہو سکتا ہے اگر تمام ججز پر سوال ہو پھر بھی کہا جاسکتا ہے اب کیس کسی نے تو سننا ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا دور بدل چکا اب الیکٹرانک ڈیوائس سب سے جڑی ہے، حکومت اور آپ کا بےحد احترام ہے، آپ جو عدالتی نظائر دے رہے ہیں وہ پرانی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا آپ نے میرے علاوہ 2 اور ججز پر بھی اعتراض کیا ہے، کیا آپ چاہتے ہیں باری باری سب پر اعتراض کیا جائے، کیا اعتراض صرف جوڈیشل کارروائی پر بنتا ہے یا انتظامی امور کی انجام دہی پربھی ہے؟اٹارنی جنرل نے دلائل مکمل کرلئے ۔

درخواست گزار عابد زبیری کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیتے ہوئے کہا اٹارنی جنرل جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں وہ تو اقلیتی رائے تھی اگر کسی جج پر اعتراض ہو تو بھی کیس سننے کی ممانعت نہیں، حکومت انتخابات سمیت تمام مقدمات میں مدعی ہے اور خود ہی بنچ بنانا چاہتی ہے،بعدازاں سپریم کورٹ نے آڈیولیکس کمیشن کو کام کرنے سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی اور کمیشن کیخلاف بنچ تبدیلی کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔