لاہور (خبرنگار) نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر سرکاری خزانے سے کوئی اخراجات نہیں کئے جائیں گے،تمام بلدیاتی ادارے اس مقصد کےلئے شہری آبادیوں سے دور موزوں مقامات کا انتخاب کریں جہاں ان کی موثر مانیٹرنگ بھی کی جائے۔سیل پوائنٹس عید الاضحی سے کم از کم 15 دن پہلے قائم کر دیئے جائیں اور شہریوں کی رہنمائی کےلئے ان مقامات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ گزشتہ روز ایک اجلاس کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر سیکورٹی اور صفائی کے جامع انتظامات کئے جائیں۔ یہاں پینے کے پانی، سائبان، لائٹس، جنریٹرز اور پارکنگ کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اس کے علاوہ ان مقامات پر راستوں کی کٹائی، ریمپ ،کھرلیاں اور پانی ٹینک مہیا کئے جائیں۔ نگراں وزیر بلدیات نے کہا کہ جانوروں کے سیل پوائنٹس کے پانچ کلو میٹر کی حدود میں ڈرینوں اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کروائی جائے اور پری مون سون انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگو وائرس اور لمپی سکن کے پیش نظر صرف صحتمند جانور ہی فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔شہروں کے داخلی راستوں میں کانگو وائرس سے بچاو¿ کےلئے سپرے کیا جائے۔
منڈیوں میں صرف صحتمند جانور ہی فروخت کرنے کی اجازت دی جائے: ابراہیم مراد

















