شہریوں کو انفرادی طور پر پلاسٹک اشیاءکے استعمال کو کم کرنا ہوگا: شیری رحمان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ شہریوں کو انفرادی طور پر پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ حکومت پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پلاسٹک کو ری سائیکل کرکے اس میں کمی کی جاسکتی ہے، دنیا بھر میں صرف 9 فیصد پلاسٹک کو ری سائیکل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی کچھ چیزیں ماحول کیلئے ٹھیک نہیں ہیں، 30 سال قبل پورا پاکستان پلاسٹک کے بغیر پانی پیتا تھا، ہم بھولنا چاہتے ہیں کہ ہم ماحول کو کتنا آلودہ کر رہے ہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ انڈس ریور کا حال دیکھ لیں، کلین اینڈ گرین پروگرام 2017ءمیں نواز شریف کی حکومت میں شروع ہوا، کلین اینڈ گرین پروگرام کو ری برینڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں ماحولیات کے دن پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیریرحمان نے کہاہے کہ اسلام آباد میں سنگل یوز پلاسٹک اشیاءاور پلاسٹک کی بوتلوں کو مرحلہ وار ختم کرنے اور پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے اہداف کے حوالے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماحولیات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر ہم وفاقی حکومت اور اسلام آباد میں سنگل یوز پلاسٹک اشیاءاور پلاسٹک کی بوتلوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے نئے ضوابط منظور کرکے پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے اہم اہداف کے حوالے سے آگے بڑھ رہے ہیںوفاقی وزیر نے کہاکہ مینوفیکچررز بھی اسلام آباد میں ان اشیاءکو ختم کرنے کے لیے رضامند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یکم اگست 2023 سے ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کی پلیٹس، پیالے، کپ وغیرہ کے خاتمہ کا آغاز ہو جائےگا۔شیری رحمان نے کہاکہ یکم اگست 2023 سے سنگل یوز پولی تھین بیگز اور ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر بھی مرحلہ وار پابندیوں کا آغاز ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ نئے ضوابط کی خواف ورزی کے حوالے سے جرمانے کے الگ قانون متعارف کرائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سال ماحولیات کے عالمی دن کا موضوع بیٹ پلاسٹک پولوشن ہے جس کا مقصد پلاسٹک کی آلودگی کے حوالے سے آگاہی پھیلانا اور اس کے حوالے سے حل تلاش کرنا ہے۔