حماس اوراسلامی جہاد کے وفود کی جنگ بندی پر بات چیت کیلئے قاہرہ آمد

قاہرہ (مشرق نیوز) فلسطینی تنظیموں حماس اور اسلامی جہاد کے دو وفود مقبوضہ علاقوں میں سیاسی مسائل اور جنگ بندی، مفاہمت اور پیشرفت سے متعلق فائلوں پر بات چیت کیلئے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی ذرائع نے تصدیق کی کہ دونوں جماعتوں کے وفود کا یہ دورہ مصری قیادت کی جانب سے دی گئی سرکاری دعوت اور متعدد امور پر بات چیت کے لیے کیا گیا ۔حماس کے وفد میں سیاسی بیورو کے ارکان اور تحریک کے قائدین جن میں سیاسی بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری اور فلسطین سے باہر حماس کے سربراہ خالد مشعل کے علاوہ سیاسی بیورو کے دو ارکان خلیل الحیہ اور روحی مشتہی شامل ہیں۔اسلامی جہاد کے وفد میں نافذ عزام، محمد الہندی، جمیل العیان، محمد حسن حامد، احمد خلیل المدلل، یوسف الحساینہ، محمد عبداللہ شلح، ولید المقططی اور خالد البطش شامل ہیں۔