گوجرانوالہ،لاہور(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)پرویزالٰہی کو گرفتار کرنے کی ہیٹ ٹرک،گوجرانوالہ عدالت سے بریت کے بعد جعلی بھرتی کیس میں پابند سلاسل ،تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی وسابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو کرپشن کے 2 مقدمات میں بری ہونے کے بعد ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا،پرویزالٰہی کوپنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے تیسری بارگرفتارکیا۔
،ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں گریڈ17کی12غیرقانونی بھرتیاں ثابت ہوئیں، فیل امیدواروں کو ریکارڈ میں ردوبدل کر کے بھرتی کیا گیا،بھرتیوں میں گھپلوں کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسزکی خدمات لی گئیں،اینٹی کرپشن انکوائری میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں،کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو ریجنل اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر سے لاکر عدالت پیش کیا گیا، سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ، وکلا اور میڈیا کے علاوہ کسی کو احاطہ عدالت میں نہیں آنے دیا گیا،سابق وزیر اعلیٰ نے جج کے روبرو کھڑے ہو کر اپنی حاضری لگوائی،مقدمات پر دونوں جانب سے دلائل دیئے گئے۔
پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیاپرویزالٰہی کےخلاف مقدمہ27 اپریل کو قائم کیا گیا ،ترقیاتی منصوبوں میں کک بیکس لینے کا الزام ہے،مقامی عدالت کے جج افضل اور پراسیکیوشن کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا، جج نے سرکاری وکیل سے پوچھا کیس کی انکوائری کس نے کی؟،انہوں نے جواب دیا انکوائری ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے کی، جج نے کہا کیس کی انکوائری ڈی جی کرسکتا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں۔
وکیل پرویزالٰہی کی جانب سے مقدمات سے بری کرنے کی استدعا کی گئی،دوران سماعت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہامجھے حوالات میں ادویات تک نہیں دی گئیں، مقدمات،منفی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں، مقابلہ کریں گے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
بعدازاں گوجرانوالہ کے سینئرسول جج افضل نے اینٹی کرپشن کے مقدمہ نمبر6/23اور 7/23 کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کو بری کرنے کا حکم دےدیا۔
دریں اثنا عدالت پیشی کے بعد صحافیوں سے رسمی گفتگو کرتے ہوئے چودھری پر ویزالٰہی نے کہاعدلیہ کا وقار بلند ہو گا اور عدلیہ ٹھیک فیصلہ کرے گی،پی ٹی آئی کے تمام لوگ مضبوط رہیں، پارٹی نہیں چھوڑ رہا،رات کو مجھے خراب ترین علاقے کے تھانے میں رکھا گیا،دوائیاں بھی نہیں دی گئیں۔
ادھر سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا پہلے کرپشن کرپشن کی رٹ لگائی ہوئی تھی، لاہور کے ایک کیس اور گوجرانوالہ کے دونوں کیسوں میں پرویز الٰہی بری ہو گئے، اب پنجاب اسمبلی کی بھرتیوں کے بھونڈے کیس میں گرفتار کر لیا۔
مونس الٰہی نے کہا چودھری پرویز الٰہی عدلیہ سے سرخرو ہو رہے ہیں، صرف انتقامی ایجنڈے کے تحت مقدمات درج ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب جعلی بھرتیوں کے کیس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا گیا،ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو جعلی بھرتیاں ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا،رائے ممتاز نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سے ملکر پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں کیں۔
پرویزالٰہی کو گرفتار کرنے کی ہیٹ ٹرک،گوجرانوالہ عدالت سے بریت کے بعد جعلی بھرتیاں کیس میں پابند سلاسل



















