لاہور(اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور عطا تارڑ نے کہا ہے پہلے 9مئی واقعات پر اوپر سے نیچے تک انصاف ہوگا پھر مذاکرات ہوں گے ، عمران خان واقعات کی ذمہ داری سے مبرا ہو کر این آر او لینے کی کوشش میں ہیں۔
سب کچھ عمران خان کی ایماءاور احکامات پر کیا گیا ، عمران خان سزا سے بچ نہیں سکیں گے، عمران خان 190ملین پاﺅنڈ کرپشن کیس میں جلد جیل نہ گئے تو اس کیس میں ضرور جیل جائیں گے،دشمنوں کے ایجنڈے پر قوم کوناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ،کیفر کردار تک پہنچ کر دم لیں گے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا 9مئی سیاہ ترین دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،جناح ہاوس پر حملے میں ملوث خواتین سمیت سب کو سزا ہوگی، مٹھی بھر شرپسندوں نے فساد برپا کیا، کوئی گناہ گار جیل سے باہر نہیں ہوگا، کوئی بے گناہ جیل کے اندر نہیں ہوگا،شرپسندوں کا فوجی تنصیبات پر حملوں کا مقصد اپنے لیڈر کی کرپشن چھپانا تھا، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی جرات دشمن کو بھی نہیں ہوئی،جیل میں پیزا اور چکن منچورین نہیں مل سکتا، جھوٹا پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف بھی ایکشن ہوگا۔
معاون خصوصی نے مزید کہاشہزاد اکبر کو دعوت دینا چاہتا ہوں بھائی زیر حراست ہیں اور وہ بار بار کہہ رہے ہیں شہزاد اکبر کو بلاﺅ ، آپ آئیں اورکھانا ادویات سمیت باقی سہولیات اپنے بھائی کو پیش کریں کوئی ممانعت نہیں بشرطیکہ بھائی کی دیکھ بھال کریں،9مئی واقعات پر پہلے سزا پھر بات ہو گی ۔
پہلے 9مئی واقعات پر سزا پھر مذاکرات،عمران خان بچ نہیں سکیں گے،عطا ءتارڑ


















