ایک بھی حقدار ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے‘محسن نقوی

لاہور(خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 16واں اجلاس ہوا،پنجاب کابینہ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد منصوبوں ، ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی منظوری دی،اجلاس میں پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی،ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہو سکے گی اورجب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65فیصد پنشن ملتی رہے گی۔


اجلاس میں پنجاب میں سڑکوں کوٹوٹ پھوٹ سے بچانے کےلئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ،فیکٹریوں سے نکلنے والے بڑے ٹرالر کے وزن کو باقاعدہ چیک کیا جائے گا،زیادہ وزن والے ٹرالرکو سڑک پر نہیں آنے دیا جائے گا،کابینہ نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے موٹر وہیکل رولز1969 میں ترمیم کی منظوری دےدی،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم پر عملدرآمد کےلئے صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کو ذمہ داری تفویض کر دی۔

محسن نقوی نے تمام محکموں کو سرکاری ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ایک بھی حقدار سرکاری ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے،خود سرکاری ملازمین کی پروموشن کیسز کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں ،پنجاب میں پیراپلیجک ری ہیبلیٹیشن سینٹرز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی،پنجاب کے 5شہروں ملتان، تونسہ، لاہور، فیصل آباد اور واہ میں مفلوج ہونےوالے مریضوں کی بحالی کےلئے خصوصی سنٹرز بنائے جائیں گے اورمفلوج مریضو ں کو ضروری میڈیکل آلات بھی دیئے جائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کےلئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے کہا سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ کابینہ اجلاس میں حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی،اجلاس میں اکبر چوک لاہور پر فلائی اوور پراجیکٹ کیلئے گرانٹ ان ایڈ سمیت مزید فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔

دریں اثنانگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی جمخانہ میں پوٹھوہار انکلوژر ،گیسٹ رومز کا سنگ بنیاد رکھا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا راولپنڈی جمخانہ کے ماڈل کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شروع کریں گے، پنجاب کا نئے مالی سال کا بجٹ 4ماہ کےلئے ہو گا، بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کیلئے فنڈز مختص کرکے جلد کام شروع کریں گے، کچہری چوک فلائی اوور پر بھی کام کا آغاز کریں گے ،راولپنڈی سیف سٹی کیلئے موجودہ بجٹ میں رقم مختص کریں گے،پنجاب میں اپنی مدد آپ کے تحت جمخانہ کلب بننے چاہئیں کیونکہ یہ ماڈل کامیاب ہے۔