کسی بھی ملک میں حکومت کی تبدیلی کیلئے جنگ نہیں چھیڑیں گے: امریکہ

نیویارک(بیورورپورٹ)امریکی نائب وزیر دفاع برائے سٹرٹیجی مارا کارلن نے کہا ہے کہ امریکہ مشرق وسطی میں حکومت کی تبدیلی کیلئے جنگیں نہیں چھیڑے گا لیکن اس خطے میں موجود رہےگا،امریکہ کی نائب وزیردفاع برائے سٹریٹیجی، پلان اور کیپیبلٹی مارا کارلن نے حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا امریکہ نئی قومی دفاعی پالیسی کے تحت فوجی کارروائیوں کے ذریعے حکومتوں کو تبدیل کرنے کے بجائے ریاستوں کے ساتھ اتحاد اور شراکت داری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے،امریکی عہدیدارمارا کارلن نے واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کے دوران واضح کیا کہ امریکہ کی نئی قومی دفاعی حکمت عملی کے تحت علاقائی خطرات کو ختم کرنے کےلئے شراکت داری کے ساتھ باہمی تعاون پرغور کرےگا،انہوں نے مزید دوسرے پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کیلئے نئی قومی دفاعی حکمت عملی کے مقاصد میں ایک یہ بھی شامل ہے اس خطے سے لاکھوں امریکی فوجیوں کو نکالنا ہے اس لئے اس حکمت عملی کو پیراڈائم شفٹ یعنی بنیادی تبدیلی قراردیا ہے،امریکی نائب وزیر دفاع نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مشرق وسطی کیلئے امریکہ کے عزائم میں کوئی کمی آئی ہے امریکہ اس خطے میں موجود رہے گا یہ ہماری حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے، یہاں سے ہمارے قومی سلامتی کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔