دہشت گردی کی جنگ، ملک میں امن و امان کی صورتحال :پولیس کی فرض کی راہ میں قربانیاں بے مثال
لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) دہشت گردی کی جنگ ہو یا ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہو یا جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنا ہو، پنجاب پولیس کے بہادر شیر جوان فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ پچھلے 20 برسوں میں ہر دو ہفتے بعد اوسطاً 3 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرتے ہیں، ملک میں جاری بیروزگاری کی لہر، سیاسی صورتحال اور معاشی بدحالی کی وجہ سے جرائم بھی پر تشدد ہوگئے ہیں، جرائم پیشہ عناصر اب پولیس پر گولی چلانے سے گریز نہیں کرتے، کوئی بھی فوجی یا ریاستی اہلکار اپنی جان اسلئے قربان نہیں کرتا کہ اسے جان قربان کرنے کی تنخواہ ملتی ہے بلکہ وہ اس جذبے سے سرشار ہو کر دشمنوں کے خلاف لڑتا ہے کہ اگر ملک کی حفاظت کےلئے جان بھی دینی پڑی تو پروا نہیں۔ یہ جذبہ کیسے پیدا ہوتا ہے، اسے برقرار رکھنے کا کیا طریقہ ہے اور کون سے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ یہی جذبہ تمام سکیورٹی اداروں کے ہر اہلکار میں موجزن رہے۔ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ کئی برس ہو گئے ہمیں دہشت گردی کی جنگ لڑتے ہوئے مگر آج تک ہم کوئی جامع اور مربوط پروگرام نہیں بنا سکے جس کے تحت اس جنگ میں شہید ہونے والوں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار اگر دہشت گردوں سے نبردآزماہوتے ہوئے جام شہادت نوش کر جائیں تو ان کے خاندان کو فقط چند لاکھ روپے معاوضہ ملتا ہے‘ جب مسلح لوگوں سے پولیس کی مد بھیڑ ہوتی ہے تو بعض اوقات ہو سکتا ہے کہ طے کئے گئے قانونی طریقہ کار سے ماورا کچھ ہوجائے۔ جب مسلح افراد سے پولیس کا واسطہ پڑتا ہے اور پولیس اہلکار زخمی یا شہید ہوتے ہیں تو ایسے میں پولیس بھی پھر سختی سے پیش آتی ہے جس کے نتیجے میں بعض اوقات معصوم جان بھی چلی جاتی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ آفیسران کا اس بارے میں کہنا تھا کہ اب جرائم بھی پرتشدد ہوگئے ہیں، نہ صرف پنجاب میں بلکہ پورے پاکستان میں اور جرائم پیشہ افراد پولیس اہلکاروں پر گولی چلانے میں اب ذرا بھی نہیں ہچکچاتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرتشدد کرائمز کی وجوہات میں بدترین معاشی بدحالی، بےروزگاری، افغانستان کے حالات، ملک کے اندر، دہشت گردی، بدامنی اور تشدد پسند مذہبی اور سیاسی رحجانات نے ملک میں پُرتشدد کرائمز کو بڑھاوا دیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ چند برسوں میں کریمینلز کا پولیس سے لڑنے کا رحجان بڑھ گیا ہے اسی لئے پولیس مقابلے بھی زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں جن میں مجرموں کی ہلاکت کے ساتھ پولیس اہلکاروں کو بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پڑتا ہے۔ اعلیٰ پولیس آفیسرز کے مطابق پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے اور وہ اسی طرح اپنی جانوں کے نزرانے پیش کرتے رہیں گے تاکہ ہماری عوام چین کی نیند سو سکے۔


















