پاکستان کا فائدہ بتادیں؟خود ہی مائنس ہونے کےلئے تیار ہوں‘عمران خان

لاہور( خبر نگار)چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے بتا دیں مجھے مائنس ون کرنے سے پاکستان کا کیا فائدہ ہے ؟خود ہی مائنس ہونے کےلئے تیار ہوں تاکہ میرا ملک تو تباہ نہ ہو ،جب چیف جسٹس نے مجھ سے پوچھا تو میں نے کہا 9مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں ،کبھی اپنے لوگوں کو اجازت نہیں دی پر امن احتجاج کے علاوہ کچھ کریں،پی ٹی آئی کےخلاف منظم پروپیگنڈا چل رہا ہے ، تحریک انصاف کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کے ذریعے سازش کی گئی۔

ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تحریک انصاف کے کارکنوں ،سپورٹروں اورعہدیدار وںکو جیلوں میں ڈال دیا گیا جو ابھی تک نہیں پکڑے گئے وہ زیر زمین چلے گئے کیونکہ گھروں پر چھاپے پڑ رہے ہیں،ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا ، 700لوگ زخمی ہیں اس پر کوئی بات نہیں کر رہا ، کیا ملک میں جان کی کوئی اہمیت نہیں ۔

بار بار بتاتا رہا ہوں فرانس میں مظاہرین نے پولیس پر سیدھے سیدھے پیٹرول بم پھینکے لیکن پولیس نے ایک بھی شخص کو گولی نہیں ماری ، جمہوریت میں احتجاج حق ہوتا ہے،کہا جارہا ہے جیو فینسنگ کر کے پکڑ لیا ، جیو فینسنگ تو بتا تی ہے فلاں بندہ ایک جگہ پر کھڑا تھا جو کور کمانڈر کے گھر کے سامنے تھے کیا وہ بھی توڑ پھوڑ اور آگ لگانے میں شامل تھے۔

پی ڈی ایم کو معلوم ہے تحریک انصاف کو نہیں ہرا سکتے اس لئے منصوبہ بنا تحریک انصاف کو کالعدم قرار دلوایا جائے ، پروپیگنڈا کر کے سب کچھ ہمارے اوپر ڈالا جائے،27سال کی جدوجہد ہے ،احتجاج اور جلسوں میں خواتین، بچے اور فیملیاں آتی ہیں کیا اس طرح کی جماعت پر تشدد احتجاج کرے گی ۔

عمران خان نے کہا نادرا کے ڈیٹا بیس سے دیکھیں وہ کون کون آدمی تھا جو لوگوں کو کور کمانڈر ہاﺅس میں بلا رہا ہے اور پھر خود غائب ہو جاتا ہے ، کنٹرول میڈیا پر پی ٹی آئی کیخلاف پروپیگنڈا چل رہا ہے ، انٹر نیٹ سروسز بند کر دی گئیں، اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ہی نہیں دیا، کسی پی ٹی آئی کا رکن کی تصویر دکھائیں جو جلا رہا ہو ۔

مجھے بتایا جائے میں ملک سے کیوںباہر جاﺅں گا،میرا سب کچھ پاکستان میں ہے ، میں اپیل کر رہا ہوں ملک تباہی کی طرف جارہا ہے ، جب قانون ختم ہوتا ہے انصاف کا نظام ختم ہوتاہے تو جنگل کا قانون آتاہے جو آ گیا،ملک کو بچانے کا صرف ایک راستہ بچا ہے صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔