بہترین کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کو انعامات،سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ سے شہریوں کی حفاظت کررہے ہیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پاکستان میں تعینات اطالوی پولیس اتاشی کوسٹین ٹینو سکودیری کی قیادت میں وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اطالوی پولیس کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی دلچسپی کے امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کریمینلز انفارمیشن شیئرنگ، جدید پولیس مینجمنٹ سسٹم کے دو طرفہ تجربات سے استفادہ کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اطالوی پولیس اتاشی کو ڈیش بورڈ پر پنجاب پولیس کی جدید ایپلی کیشنز اور پراجیکٹس بارے آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ سنٹرلائزڈ ڈیش بورڈ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، کریمنل ریکارڈ سسٹم، ویمن سیفٹی ایپ تحفظ سنٹرز و دیگر پولیس فارمیشنز کے ساتھ منسلک ہے اور اس ڈیش بورڈ پر ایف آئی آرز اندراج سے چالاننگ تک تمام مراحل صرف ایک کلک پر دستیاب ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اطالوی وفد کو موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات بارے بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کی تحت شہریوں کی حفاظت اور خدمات انجام دے رہی ہے، ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے ورکنگ ویمن اور طالبات سمیت خواتین کو تحفظ فراہم کیاجارہا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ٹرانس جینڈرکمیونٹی، بے گھر بچوں،ذہنی معذور افراد کی بحالی کیلئے ”ہمارے پھول“اور ”تحفظ سنٹرز“ جیسے پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔اطالوی پولیس اتاشی نے پبلک سروس ڈلیوری میں جدت، جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کو سراہا۔اطالوی پولیس اتاشی کوسٹینٹینو سکودیری نے کہاکہ جرائم کی بیخ کنی کیلئے ماڈرن پولیسنگ سکلز اور جدید ٹیکنالوجی کا بڑھتا استعمال نہایت خوش آئند ہے۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اوراطالوی پولیس اتاشی کے مابین یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت سینئر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی پر افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری،سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 85 افسران و اہلکاروں میں تقریباً 13 لاکھ 57 ہزار روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں،انعامات حاصل کرنے والوں میں ملتان ریجن میں شامل اضلاع کے 85 افسران و اہلکار شامل،انعامات حاصل کرنے والوں میں 28 سب انسپکٹرز، 15 اے ایس آئیز، 6 ہیڈ کانسٹیبلز اور 36 کانسٹیبلز شامل،سب انسپکٹرز کو 25 ،اے ایس آئیز کو 15، ہیڈ کانسٹیبلز کو 12 جبکہ کانسٹیبلز کو 10 ہزار فی کس دئیے گئے،آئی جی پنجاب کی انعامات حاصل کرنےوالے افسران و اہلکاروں کو شاباش، پہلے سے زیادہ محنت سے کام کی ہدایت،شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کیلئے زیادہ دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کریں،آئی جی پنجاب نے احکامات دیئے ہیں کہ محکمہ سے ملنے والی اس عزت افزائی کو فرائض کی مزید ذمہ دارانہ ادائیگی اور بہترین خدمات سے شہریوں تک پہنچائیں۔