جج کےخلاف آفیشل ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ،شرپسندوں کی سہولت کاری انصاف کاقتل ہے،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،9مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کےخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ہونےوالی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،دہشتگردی واقعات میں ملوث اصل ملزموں کی نشاندہی کرنےوالے افراد کیلئے نقدانعامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے نامزد ملزموں کی غیر قانونی سہولت کاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیااورملزموںکو غیر معمولی سہولت کار ی بہم پہنچانے پر جج کےخلاف آفیشل ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں اتفاق کیا گیا نامزد ملزموں کی غیر قانونی وغیر آئینی سہولت کاری کا فیصلہ چیلنج بھی کیا جائے گا۔

شرکا نے کہا نامزد ملزموں کی سہولت کاری انصاف کے قتل کے مترادف ہے،محسن نقوی نے شرپسندوں کےخلاف درج کیسز کی بھرپور پیروی کا حکم دیتے ہوئے کہا متعلقہ کمشنرز اور آرپی اوز پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ خود میٹنگ کریں،مفرور شرپسندو ں کی جلد ازجلد گرفتاری یقینی بنائی جائے،آرمی تنصیبات وعوامی اثاثوں پر حملہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، مذموم منصوبہ بندی کے تحت دہشتگردی کی گئی۔