ریسکیو کے کال ڈسپیچرز ایمرجنسی سروس کے”ٹیلی ایمبیسڈر“ ہیں: ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) عالمی ٹیلی کمیونی کیشن ڈے کے موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام 9 ڈویژنوں میںریسکیو ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر خدمات انجام دینے والے بہترین ایمرجنسی کال ڈسپیچرز کو ان کی لگن و ہمت سے بھرپور پر عزم اورشاندارخدمات کے اعتراف میں شیلڈز اورتعریفی اسناد پیش کیں۔ انہوںنے زور دیا کہ یہ ایمرجنسی کال پر امدادی ٹیم روانہ کرنے ولے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایمرجنسی کالر سے بات کرتے ہوئے ہمدردانہ رویہ اپنائے اور صحیح معلومات حاصل کرتے ہوئے ریسکیوسروسز کی فوری ترسیل کو یقینی بنائے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ نے ایک کروڑ 14لاکھ سے زائد ایمرجنسی کالز پر ریسکیو سروسز فراہم کی ہیں اور روزانہ 4500 ایمرجنسی کالز کو ڈیل کر رہی ہے جبکہ سروس کے آغاز سے لےکر اب تک ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر 20کروڑ سے زائد کالیں لینڈہو چکی ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں عالمی ٹیلی کمیونی کیشن ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز کے سینئر افسران ، انسٹرکٹرز اورریسکیو کیڈٹس بھی شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے ہنگامی حالات میں بروقت رسپانس کو یقینی بنانے میں ایمرجنسی کال ڈسپیچرز کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی حالات سے متعلق درست معلومات حاصل کریں، خاص طور پرایمرجنسی کالر سے دوران کال واقعہ کی تمام ضروری تفصیلات حاصل کریں اور حالات کے مطابق فوری طور پر ضروری ایمرجنسی وسائل کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کریں۔ ڈاکٹررضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی کال ڈسپیچرز زندگی بچانے والی اس ایمرجنسی سروس کے ’ٹیلی ایمبیسڈر‘ ہیں۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے مزیدکہا کہ کال ایجنٹوں کو اکثر اہم معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد امور کو ہینڈل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے تمام ایمرجنسی کال ایجنٹس کو مختلف کاموں کی ترجیح طے کرنے، مثر طریقے سے وقت کی مینجمنٹ کرنا اور سروس کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر مختلف امور کی انجام دہی کے قابل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کال ڈسپیچرز انتہائی دباﺅ اور مشکل حالات میں بھی پرسکون، مطمئن اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کال ڈسپیچرز مضبوط اور پرسکون اعصاب کا مالک ہونا چاہئے تاکہ وہ حادثہ سے متاثرہ جذباتی کالر کو ایمرجنسی کی حالت میں ہمدردی کا احساس دلاتے ہوئے فوری اور درست فیصلے کرنے کے قابل ہوں اورہر ایمرجنسی صورتحال میں پریشان اور صدمے سے دوچار افراد کے ساتھ ہمدردی سے پیش آئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام نو ڈویژنز کے نمایاں کال ڈسپیچرزکی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ایمرجنسی کال ڈسپیچرز کی شاندار کارکردگی پر پنجاب کے عوام کو بروقت اور موثر ہنگامی خدمات فراہم کرنے کےلئے ان کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم پر دلی تعریف کی۔ ان کی مثالی کارکردگی نے دوسرے ایمرجنسی کال ڈسیپیچرز کیلئے ایک اعلیٰ معیار متعین کر دیا ہے جوشہریوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے احساس تحفظ فراہم کرکے معاشرے کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔آخر میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام نو ڈویژنوں کے بہترین ایمرجنسی کال ڈسپیچرز کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں شیلڈز اورتعریفی اسنادسے نوازنے کیساتھ ایک اضافی تنخواہ کا بھی اعلان کیا۔