نیازی ادھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں ،اپنی کرپشن کا حساب دیں بات ختم! وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائدنواز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کی تصاویر اور 9 مئی کو پی ٹی آئی کی طرف سے پھیلائی جانے والی تباہی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا سالہاسال ترقی کا سفر 9 مئی کو تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا، اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے راولپنڈی سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کی پرانی و نئی تصاویر شیئر کیں۔

ایک تصویر میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو منصوبے پربریفنگ دی جا رہی تھی جبکہ دوسری تصویر میں اسی منصوبے کو پی ٹی آئی کی طرف سے نذر آتش کئے جانے کے بعد تباہی کا منظر دکھایا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سالہاسال ترقی کا سفر 9 مئی کو تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے ،میٹرو بس سٹیشن کو پی ٹی آئی نے تباہ کر دیا۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نیازی کا ایک ٹوئٹ بھی شیئر کیا اور ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا عمران نیازی ادھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں، شامل تفتیش ہوں اور اپنی کرپشن کا حساب دیں،بات ختم!۔