دفاعی تنصیبات کی مزید پامالی برداشت نہیں ،تمام منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لائیں گے،آرمی چیف

راولپنڈی،پشاور(بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے 9 مئی کی سیاہ کارروائیوں کے تمام منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لائیں گے،مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا ،کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا،موجودہ سکیورٹی صورتحال و انسداد دہشتگردی کی جاری کوششوں پربریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے دہشتگردی کےخلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی پیشہ وارانہ قابلیت، کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا،جنرل سید عاصم منیر نے کور کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاامن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر زور دیتے ہوئے کہاامن و استحکام کاعمل خراب کرنےوالوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں، مسلح افواج کی تنصیبات کے تقدس کو پامال کرنے کی مزید کوشش برداشت نہیں کرینگے،9 مئی یوم سیاہ کی کارروائیوں کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، تشدد پراکسانے اور عمل کرنےوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

جنرل عاصم منیر نے انفارمیشن وار فیئر اورغلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہادشمن عناصرکی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، عوام کے تعاون سے مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائےگا۔