سیالکوٹ (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پارلیمنٹ کے فیصلے سب کو تسلیم کرنا ہوںگے،نواز شریف کو سیاست سے آﺅٹ کرنے کے ایجنڈے میں عدلیہ و اسٹیبلشمنٹ کی سہولت کاری شامل تھی، نوازشریف کی سیاست ختم نہیں ہوئی ان کے بھائی وزیر اعظم ہیں ،عدالت میں ملزم کو دیکھ کر جج کہے آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی اور وش یو گڈ لک تو جج سے انصاف کی توقع کیسے رکھی جاسکتی ہے،چھاپوں کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیے جانے پر شرمندہ ہوں،عمران خان کو سپانسر اور کفالت کی جا رہی ہے، عدلیہ سہولت کاری بند کرے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا چند دنوں میں ملکی حالات کو تباہ کیا گیا،4سال عمران خان ملک لوٹتا رہا اب حواری لوگوں کے گھر لوٹ رہے ہیں ، تحریک طالبان اور تحریک انصاف جی ایچ کیو پر حملہ کرتی ہے،عدالت نے لاڈلے کو ریلیف دیا، عمران خان کو ان مقدمات و کیسز میں ضمانت دی گئی جوقائم بھی نہیں ہوئے۔
وزیر دفاع نے کہاکونسا انصاف ہے، کونسی عدالتیں ہیں؟ زرداری صاحب کی ہمشیرہ کو نظربند کیاگیا، شہبازشریف کے گھر کامحاصرہ کیا گیا، مقدمات بنائے گئے، پورے پورے خاندانوں کوعدالتوں میں بلایا گیا ، میں نے کبھی سیاسی مخالفین کونشانہ نہیں بنایا، سیاست میں کہیں بھی انتقام کالفظ نہیں ،نواز شریف کی سیاست ختم نہ ہوئی لیکن سارے کردار رسوا ہوگئے، پارلیمنٹ کافیصلہ سب کو ماننا ہوگا،چھاپوں کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیے جانے پر شرمندہ ہوں۔
ملزم کو وش یو گڈ لک کہنے والے جج سے انصاف کی توقع کیسے؟عدلیہ سہولت کاری بند کرے،خواجہ آصف

















