شرپسندوں کو72گھنٹے میں گرفتار کرنے کاالٹی میٹم
لاہور(خبر نگار،اپنے نمائندے سے) وزیر اعظم شہباز شریف نے پولیس اور انتظامیہ کو 72گھنٹے میں جناح ہاﺅس پر حملہ کرنےوالوں ،منصوبہ سازوں و سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے معاملے میں خانہ پری برداشت نہیں کی جائےگی ،انسداد دہشتگردی عدالتوں کی تعداد بڑھا ئی جائے اور راتوں کوبھی پروسیڈنگ کرانا پڑے تو انتظامات کئے جائیں تاکہ رہتی دنیا تک مثال بن جائے آئندہ کبھی دوبارہ قیامت تک کوئی دہشتگرد ،دشمن پاکستان کے اداروں کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے،جناح ہاﺅس کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیف سٹی اتھارٹی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزراء، پولیس و انتظامی افسر بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کہا 9مئی کو پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین و دلخراش واقعہ ہوا،زخمی ہونےوالے پولیس ،آرمی افسروں و جوانوں کی تیمارداری کر کے آیا ہوں، کور کمانڈر ہاﺅس جو تاریخی جناح ہاﺅس ہے وہاں کا بھی دورہ کیا ، دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، مکمل طور پر جل کرتباہ ہو چکا،مجھے کہنے میں کوئی عار نہیں 75سالہ تاریخ میں ازلی دشمن جو نہ کر سکا9مئی کو عمران نیازی کی قیادت میں مسلح جتھوں نے جناح ہاﺅس کو مکمل طور پر راکھ میں تبدیل کرکے کردکھایا،ہر کمرہ ، فرنیچر جل گیا،تاریخی چیزوں سمیت سب تباہ ہوگیا، کاش بطور پاکستانی دن دیکھنا نصیب نہ ہوتا ،سمجھتا ہوں المناک واقعہ کے بعد پوری قوم انتہائی غمگین ہے ماسوائے عمران نیازی اور جتھے کے وہ جہاں پر بھی ہےںکسی حوالے سے بھی دہشتگردوں ،پاکستان کے دشمنوں سے کم نہیں کیونکہ کوئی پاکستانی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا،قبیح و بد ترین حرکت میں ملوث تمام عناصر کو آئین وقانون میں درج سزائیں ہر صورت دی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا پاک فوج نے 65کی جنگ ہو یا دہشتگردی کے واقعات ہوں ،اپنا کردار نبھایا ، دہشتگردی کا خاتمہ کیا،80ہزار پاکستانیوں نے جانوں کا نذرانہ دیا، معاشرے کے ہر فرد نے اپنا حصہ ڈالا تب جا کر دہشتگردی کے اژدھا کا سر کچلا گیا، شہباز شریف نے کہا شہیدوں ،غازیوں کی بے حرمتی ،تنصیبات پر حملے کئے گئے، دلخراش منظر 75سال میں کبھی سوچا تھا نہ دیکھا تھا،میں پھر کہتا ہوں کاش دن کےلئے دنیا میں نہ ہوتا ،اپنے وطن میں اپنوں نے دشمن بن کر ملکی اداروں وتنصیبات پر حملہ کیا ،اسلام آباد میں تفصیلی میٹنگ کے بعد ہدایات جاری کردیں تمام ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے معاملے میں اگر کسی نے خانہ پری کرنے کی کوشش کی تو برداشت نہیں ہوگا، وقت ڈو اینڈ ڈائی اور ناﺅ اور نیور کا ہے ،اصل مجرموں کیخلاف قانون و آئین کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمے چلائے جائیں،وزیر قانون سے کہوں گاانسداد دہشتگردی عدالتوں کی تعداد بڑھا ئی جائے اور راتوں کوبھی پروسیڈنگ کرانا پڑے تو کوئی حرج نہیں،پراسیکیوٹرزقابل ، ایماندار ،فرض شناس اورانصاف پسند ہوں ، پولیس و انتظامیہ کا سب سے پہلا کام ہے واقعات میں ملوث شر پسندوں کو فی الفور اوربغیر کسی تاخیر کے گرفتار کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے بھی کہاہے خانہ پری برداشت نہیں کی جائے گی ، الٹی میٹم دے رہا ہوں اگلے 72گھنٹے میں واقعات کے منصوبہ ساز، سہولت کار ، اشتعال دلانے والے اور جو حملہ آور ہیں گرفتار ہونے چاہئیں،وزیر قانون سے کہوں گا مقدمات چلانے کیلئے ایک سیکنڈ کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور جتنی بھی عدالتیں چاہئیں مہیا کی جائیں جو 24گھنٹے کام کریں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے شر پسند وں کی جانب سے جلائے گئے جناح ہاﺅس ،کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ( سی ایم ایچ )،سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اورپی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراﺅ سے زخمی ہونےوالے پولیس و فوج کے افسروں ،اہلکاروں کی عیادت کی ، اعلیٰ عسکری حکام نے وزیر اعظم شہباز شریف کوتفصیلات سے آگاہ کیا ۔
شہباز شریف نے کہا جناح ہاﺅس جو کور کمانڈر لاہور کا گھر ہے وہاں پر بلوائیوںنے اندوہناک طریقے سے انتہائی ظالمانہ و دشمنوں سے بڑھ کر حملہ کیا، گھر کو آگ لگائی گئی ،خیال بھی نہ رکھا تاریخی عمارت ہے اس سپوت کا گھر ہے جو پاکستان کی ماﺅں و بہنوں کی حفاظت پر مامور ہے ، فیملی موجود تھی ، 75سالہ تاریخ میں بر بریت و ملک دشمنی کی مثال نہیں ملتی ، یہاں آکردکھی دل سے بات کر رہاہوں ،سوچا بھی نہیں تھاپاکستان کے اندر اس طرح کا واقعہ ہوگا جس سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک جائیں گے اور پوری قوم غمناک واشکبار ہو گی ،کاش لمحہ کاش ہماری زندگیوں میں نہ آتا،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لاکر مثالی سزائیں دیں گے،تمام تر ذمہ دری عمران خان کے سر ہے ،نیازی نے منصوبہ بنایا،اکسایا ، منصوبہ سازوں و حملہ کرنےوالوں کو کوئی رعایت نہیںدی جائے گی۔
وزیراعظم نے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کے والد ،ڈی ایس پی بلال کی صاحبزادی کو حوصلہ دیا،شہبازشریف ، محسن نقوی نے زخمی افسروں وجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا آپ نے تحمل وبرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی،قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ قوم کے ہیرو ہیںجنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کےلئے آپ نے جذبے وعزم سے فرائض سرانجام دیئے۔
علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹس میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہاشرپسندوں کو 72گھنٹے میں گرفتار کرنے کاالٹی میٹم دےدیا، تکنیکی مدد اور انٹیلی جنس سمیت تمام دستیاب وسائل کو عناصر کا پیچھا کرنے کےلئے بروئے کارلایاجارہاہے ،شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کےلئے ٹیسٹ کیس ہے ،مقدمات انسداد دہشتگردی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔
اپنی ایک اورٹوئٹ میںوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عمران نیازی کا آرمی چیف کےخلاف بیان بیمار و جنونی ذہنیت کا عکاس ہے،بطور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم منیر نے نیازی کی کرپشن کا پردہ فاش کیا اسی وجہ سے وہ پہلے دن سے آرمی چیف کو بدنام کر رہے ہیں،عمران کے کہنے پر پی ٹی آئی کے غنڈوں کی جانب سے دہشتگردی کے المناک اورذلت آمیز واقعات نیازی کے ماسٹر مائنڈ ہونے کا اعتراف ہے، وزیر اعظم نے کہا شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی اور قومی تنصیبات پر حملے سیاست میں ناقابل تصور پست قد ہونے کی نمائندگی کرتے ہیں،پوری قوم مسلح افواج کےساتھ کھڑی ہے اور کمزور کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ناکام بنائے گی۔



















