اسلام آباد (بیورورپورٹ)سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمن نے پیر کو سپریم کورٹ کے باہر پر امن احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر دیا،فضل الرحمن کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس ہوا،قائد ن لیگ نواز شریف ،وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، اختر مینگل، میر کبیر، آفتاب شیرپاو، احمد نواز جدون، ظاہر بزنجو، اویس نورانی بھی شریک ہوئے،سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا گیا۔
اجلاس کے بعد فضل الرحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر کو سپریم کور ٹ کے باہر احتجاج ودھرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا بتائیں گے سپریم کورٹ مدر آف لا ہے مدر ان لا نہیں،آسمان سے اترے ہوئے نہیں ہماری طرح کے انسان ہیں ،چیف جسٹس صاحب سن لیجئے ہمارے نزدیک 4-3کا فیصلہ کورٹ کا فیصلہ ہے ،قانون بن جانے کے بعد اب آپ اکیلے نوٹس نہیں لے سکتے ،آرمی چیف اور کور کمانڈر کے گھر پر حملہ ہو رہا ہے، سرزمین وطن کےلئے قربانی دینے والوں کی یادگاروں کو اکھاڑا جا رہا ہے، عدالت دہشتگردی کو تحفظ دے رہی ہے۔
ملکی معیشت، اخلاق، قانون، آئین سمیت سب کچھ عمران خان کےلئے داو پر لگادیا گیا ، صرف حکومت نے اپنا فرض پورا نہیں کرنا ،پاکستان کے ایک ایک شہری نے ملک کے آئین، جمہوریت اور اداروں کے تحفظ کےلئے کردار ادا کرنا ہے،احتجاج پرامن ہو گا اگر کسی نے ٹیڑھی آنکھ سے دیکھا یا ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی تو ڈنڈے، روڑے، تھپڑ سے جواب دیا جائےگا۔
فضل الرحمن نے کہاغبن کرنےوالے کی حوصلہ افزائی کی گئی، ہائی کورٹ نے 9 مئی کے بعد تمام کیسز میں ضمانت دی عدالت نے کہا اگر کسی مقدمے کا علم نہ ہو اس میں بھی گرفتار نہ کیا جائے،عدلیہ کہاں کھڑی ہے، عدلیہ آئین و قانون سے ماورا فیصلے دے رہی ہے، سہولت نوازشریف کو نہیں دی گئی، نواز شریف کو اہلیہ کی خیریت معلوم کرنے کےلئے فون تک نہیں کرنے دیا گیا تھا،کیا ایسی رعایت مریم نواز، فریال تالپور کو دی گئی؟ عمران خان کو وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ مجرم کوتحفظ دے رہی ہے اب سپریم کورٹ کے رویئے کے خلاف احتجاج ہو گا، پیر والے دن پوری قوم اسلام آباد کی طرف روانہ ہو جائے، سپریم کورٹ کے سامنے بڑا دھرنا ہوگا،پی ڈی ایم سیاسی پلیٹ فارم ہے اگر ڈبے سے گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا تو ٹیڑھی انگلی سے نکالا جائے گااگر سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے دوران کسی نے توڑ پھوڑ کی تو مطلب ہوگا پی ٹی آئی کے شرپسند صفوں میں موجود ہیں۔
”عدالت عظمیٰ مدر آف لا ہے مدر ان لا نہیں“،پی ڈی ایم کاسپریم کورٹ کے باہر دھرنے کااعلان

















