لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہاﺅس پر حملہ پاکستان اور ریاست پر حملہ ہے ،جناح ہاﺅس پر حملے کے بعد بانی پاکستانی اور ہمارے بزرگوں کی روحیں تڑپ گئی ہوں گی ،وہ کام جو را اور موساد نہیں کر سکے وہ عمران خان نے کر دیا ہے، جمہوری قوتیں یہ ایجنڈا نہیں چلنے دیں گی ،غداروں کو منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستان کی ریڈ لائن ان تمام اداروں سے جڑی ہے جو پاکستان کی سلامتی کےلئے کھڑے ہیں،عمران خان کی گرفتاری کرپشن کی بنیاد پر ہوئی ہے وہ چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ،عمران خان کی باتیں بھارتی چینل کی ہیڈ لائنز بنتی رہیں، تم نے کشمیر کا سودا کیا اب پاکستان کا سودا نہیں کرنے دیں گے،عمران خان اور ٹیریان کا ڈی این اے میچ کرنا چاہیے کیونکہ اسے صادق اور امین جھوٹا لقب دیا گیا، جب دنیا کی سرمایہ کاری آنے لگتی ہے عمران خان سڑکوں پر آ کر آگ لگا دیتاہے ،یہ پاکستان کو شام، عراق، لیبیا، مصر اور سری لنکا کی طرح مثال بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ہمارے بزرگوں جنہوں نے اس ملک کو بنانے کےلئے جانوں کا نذرانہ دیا، آج کے حالات دیکھ کر قبروں میں انکی روحیں بھی تڑپ رہی ہوں گی، بدقسمتی سے پاکستان میں جب بار بار جمہوری قوتوں کا راستہ روکا گیا، جب بار بار مارشل لاءلگائے گئے، بار بار ترقی کو روکا گیا تو سیاسی جماعتوں نے برد باری ، دور اندیشی اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا اب کسی کو چور دروازے سے نہیں آنے دیا جائےگا، کسی کو پاکستان کے آئین و قانون سے نہیں کھیلنے دیا جائےگا۔
کور کمانڈر ہاﺅس پر دھاوا پاکستان اور ریاست پر حملہ ہے: رانا مشہوداحمد

















