عمان میں مقیم پاکستانیوں کا ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ہے :راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان کے دستور کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ عالمی کنونشن میں شرکت کےلئے آئے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سٹیٹ کونسل عمان شیخ ڈاکٹر الخطاب بن غالب بن علی الحنائی نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات میں عمان اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات، دستور کی گولڈن جوبلی کے کنونشن سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمان میں مقیم پاکستانی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بڑی تعداد میں پاکستانی ورکرز کی میزبانی پر عمان کے عوام اور حکومت کو سراہا۔سپیکر نے آئین کی گولڈن جوبلی کے عالمی کنونشن میں عمان کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور عمان کے مابین دوستانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں عمان کے کردار کو بھی سراہا۔ شیخ ڈاکٹر الخطاب نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان کے ساتھ اپنے کلیدی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کو اپنا بھائی تصور کرتا ہے۔ انہوں نے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ذریعے پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متفرق شعبوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں میں تعاون کی راہیں تلاش کی جاسکیں۔ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی محترمہ ناز بلوچ بھی موجود تھیں۔