عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا 8 روز جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، جج بشیر نے کیس کی سماعت نیوگیسٹ ہاوس پولیس لائنز میں کی،عمران خان کی طرف سے علی بخاری، خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا نیب کو مزید تفتیش درکار ہے ،عمران خان کا 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کے بعد سماعت میں وقفہ کیا،عمران خان نے عدالت سے کہا وکلا سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں ،سابق وزیراعظم نے وقفے کے دوران وکلا سے مشاورت کی۔

سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا توڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا عمران خان کو گرفتاری کے وقت وارنٹ دکھائے گئے ،عمران خان نے کہا مجھے نیب آفس پہنچنے کے بعد وارنٹ دئیے گئے، ڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا تمام ضروری کاغذات عمران خان کے وکلا کو فراہم کردئیے جائیں گے۔

خواجہ حارث نے کہاقانون طور پر عمران خان کی گرفتاری غلط ہے، ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کرپشن کا معاملہ بیان کررہے ہیں، رقم برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پکڑی تھی، این سی اے نے رقم حکومت پاکستان کو واپس بھیجی، لوٹی گئی رقم بدنیتی سے بزنس ٹائیکون کےساتھ ایڈجسٹ کی گئی۔

خواجہ حارث نے کہا القادر ٹرسٹ چل رہا ہے اور زمین پر عمارت بنی ہے، لوگ القادر ٹرسٹ میں مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں ،ٹرسٹی لیگل پرسن ہوتا ہے، پبلک آفس ہولڈرنہیں ہوتا، عمران خان پبلک آفس ہولڈر نہیں۔

سماعت کے دوران عمران خان نے کہاکونسا ریکارڈ ان کو چاہیے جو میں نہیں مان رہا، نیب کہہ رہاہے ریکارڈ اکٹھا کرنا ہے جو بھی پیسے آئے کابینہ کی منظوری سے آئے ،ہمارے پاس 2آپشن ہوتے ہیں یا تو مان جائیں تو پیسہ آجائے گا، دوسرا قانونی چارہ جوئی کرنا ہوتی ہے تو ہرکیس ہارجاتے ہیں، قانونی چارہ جوئی پر آج تک 100 ملین روپے لگاچکے ۔

سابق وزیراعظم نے کہامجھے حراست میں لیا گیا اور شیشے توڑے گئے، میرے ڈاکٹر کو بلالیں، ڈاکٹر فیصل کو بلائیں، میں کہتا ہوں میرے ساتھ مسعود چپڑاسی والا کام نہ ہو، یہ انجکشن لگاتے ہیں جس سے بندا آہستہ آہستہ مرجاتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا،بعدازاں فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دےدیا۔