سوڈان میں امن کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں:امریکہ

خرطوم (مشرق نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ واشنگٹن جدہ شہر کی میزبانی میں ہونے والی بات چیت کے دوران جنگ بندی میں توسیع اور سوڈان میں انسانی امداد فراہم کرنے کے معاہدے تک پہنچنے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سوڈان کو سول ڈیموکریٹک حکمرانی کے راستے پر واپس لانے کے مقصد کو ترک نہیں کرے گا۔اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امدادی سربراہ مارٹن گریفتھس نے تجویز کیا کہ سوڈان میں متحارب فریق انسانی امدادی سامان کی محفوظ گذر گاہ کو یقینی بنانے کے اعلان کی حمایت کریں۔بین الاقوامی تنظیم کے نائب ترجمان فرحان حق نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ اعلان جدہ مذاکرات میں مشاورت سے مشروط تھا۔انہوں نے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ اس اعلان کی جلد از جلد توثیق کر دی جائے گی تاکہ سوڈان میں لاکھوں لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امدادی کارروائیوں کو تیزی سے اور محفوظ طریقے سے بڑھایا جا سکے۔