جسٹس مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین شروع،ججز کی تمام تفصیلات طلب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی اے سی نے جسٹس مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین کرنے کی اجازت دےدی،ججز کے اثاثوں ،ویلتھ اسٹیٹمنٹ، ٹیکس ریٹرن و پلاٹس کی تفصیلات طلب کرلی گئیں،پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کااجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا،14 میں سے 13 اراکین نے جسٹس مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین کی اجازت دی،مخالفت کرنےوالوں میں صرف سینیٹر محسن عزیز شامل تھے۔

پی اے سی نے جسٹس مظاہر نقوی کی آمدن، اثاثوں کی تفصیلات و بیرون ملک سفر کی ہسٹری 15 دنوں میں طلب کرلی،نور عالم خان نے کہاآڈیٹر جنرل مظاہر علی نقوی کے پلاٹس کی کیٹگریز کی تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرائیں جبکہ نادرا خاندان میں شامل افراد کی لسٹ فراہم کرے،جسٹس مظاہر یا کسی ایکس وائی کا مسئلہ نہیں، کرپشن کا ایشو ہے، نہیں چھوڑوں گااگر میری بہن، بیٹی، بچوں کے بھی اثاثے آمدن سے زائد ہیں تو پیچھا کروں گا،پی اے سی کے آئندہ اجلاس میں کوئی غیر حاضر ہوا تو سمن جاری کرینگے،چیف سیکرٹریز نہ آئے تو وارنٹ جاری کروں گا۔

چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کے اثاثوں ،ویلتھ اسٹیٹمنٹ و ٹیکس ریٹرن و پلاٹس کی تفصیلات پر مبنی مکمل ریکارڈ فراہم کریں، تمام ادارے مکمل ریکارڈ دیں ،15دن کا وقت دیتے ہیں، 15دنوں کے اندر اندر چاروں صوبوں کے اداروں کو ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا،چیئرمین نیب، نادرا، اور صوبائی چیف سیکرٹریز اجلاس میں شرکت کریں، متعلقہ شخص کی ٹیکس ریٹرنز، گھریلو افراد کا ڈیٹا ، سفر کی تفصیلات اور پلاٹوں کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔