عمران خان سڑکوں پر نکلے تو پہلے علاج پھر الیکشن ہوگا،رانا ثنا

فیصل آباد (اشفاق مغل) وزیر داخلہ رانا ثنا نے واضح کیاہے 14مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے،اسمبلیاں مدت پوری کریں گی اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، بیٹھ کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان بدبخت ،فتنہ ہے، جلد خاتمہ ہونا چاہیے ورنہ قوم کو عذاب میں مبتلا کر دے گا،عمران خان سڑکوں پر نکلے تو پہلے علاج کریں گے پھر الیکشن ہوگا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے مزید کہاملک میں سی پیک منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں آیا، منصوبے کو 2020 میں مکمل ہونا تھا لیکن بدقسمتی سے 2018 میں پی ٹی آئی آگئی، سی پیک منصوبہ مکمل ہوتا تو ملک کو بحرانوں کا سامنا نہ ہوتا، جب بھی ملک میں بحرانی کیفیت سامنے آئی مسلم لیگ (ن) نے آگے بڑھ کر سنبھالا، ن لیگ کے دور حکومت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا،1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد بھی نواز شریف نے ملک سنبھالا، دہشتگردی ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک ترقی کر رہا تھا لیکن سازش کے تحت عمران خان کو لایا گیا، ثاقب نثار پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہا ہے، آڈیو لیکس نے ثاقب نثار کا کردار بے نقاب کر دیا۔