لاہور(خبر نگار)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کوئی فیصلہ چیلنج نہ ہوتو حتمی ہوتا ، آئین کے مطابق چلنے کی ضرورت ہے،کوئی بہانہ تلاش نہ کیاجائے، آپ تنازع کہیں لیکن میں تنازع نہیں کہوں گا،آئین کہتا ہے 90 دن میں الیکشن ہوں تو عمل کرنا ہوگا،کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
آئین میں اقلیتوں کے حقوق پرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہااپنے سینئر جسٹس کارنیلئس کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے جمع ہوئے ہیں، جسٹس کارنیلئس مجسم انصاف تھے، قانون سمیت دوسرے بہت سے علوم پر کمال حاصل تھا،جسٹس کارنیلئس نے دنیا کے اعلیٰ ترین اداروں سے تعلیم حاصل کی وہ سول سروس کے عہدے پر تعینات ہوسکتے تھے مگر قانون انصاف کے شعبے کا انتخاب کیا، سپریم کورٹ کو 17 برس دئیے،جسٹس کارنیلئس کی زندگی ججز کےلئے مثال ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔
جسٹس کارنیلئس نے گورنر جنرل کی جانب سے اسمبلی توڑنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا ، 1964ءمیں 2صوبوں نے جماعت اسلامی پر پابندی عائد کی تاہم مولانا مودودی کیس میں پابندی ہٹادی گئی، پاکستان 2 دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے، پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانیں گنوائیں، عدالتیں ایگزیکٹو آرڈر پاس نہیں کر سکتیں، پاکستان کے ہر شہری کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، بنیادی انسانی حقوق پر فیصلہ کرنا سپریم کورٹ کا حق ہے، جب سچائی سے گریز کیا جائے تو انصاف سے گریز کیا جاتا ہے، جسٹس کارنیلئس نے کہا ایگزیکٹو افسر بنیادی حقوق کا فیصلہ نہیں کرسکتے، ہر شخص قانون کے تابع ہے، معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے، عدالتی فیصلہ چیلنج نہ ہو تو حتمی فیصلہ بن جاتا ہے،عدالتی فیصلوں کی اخلاقی اتھارٹی ہوتی ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کیس پر کہا بتایا گیا سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، عدلیہ کامعاملے سے کوئی لینا دینا نہیں، آئین کی پاسداری کرنا چوائس نہیں ڈیوٹی ہے، ،سپورٹ کےلئے موجود ہیں ورنہ دوسری صورت میں عدالتی فیصلہ موجود ہے، دیکھتے ہیں اب کیا ہوگا، آئین کے مطابق چلنے کی ضرورت ہے،کوئی بہانہ تلاش نہ کیاجائے، آپ تنازع کہیں لیکن میں تنازع نہیں کہوں گا،فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہئیں اگر آئین کہتا ہے 90دن میں الیکشن ہوں گے تو عملدرآمد کرنا ہوگا کوئی دوسرا راستہ نہیں ،کسی کی چوائس نہیں بلکہ آئین کی بات ہے،میں سپریم کوٹ کا حصہ ہوں میری انفرادی حیثیت ہے، سپریم کورٹ آئینی ادارہ ہے، ایک حصے کی طرح کام کریں گے، ملکی ترقی کا واحد راستہ علم ہے۔
سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ملکی نظام کو جمہوری اقدار اور برابری کے اصولوں کی بنیاد پر چلایا جائے،کم شرح خواندگی کے باعث مذہبی انتہا پسندی کو فروغ ملا، بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، آئین پر آگاہی فراہم کرنے کےلئے عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انسانی حقوق کا نفاذ،عدالتی احکامات پر عملدرآمد ریاستی اداروں کی ترجیح ہے۔
فیصلہ چیلنج نہ ہوتو حتمی ہوتا ،آئین کے مطابق چلنے کی ضرورت،بہانہ تلاش نہ کیاجائے،چیف جسٹس

















