پاکستان میں سیاسی قوتیں ملکر بیٹھ استحکام لائیں:چین

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاک ،بیجنگ سٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق، سٹرٹیجک مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی سلامتی، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کا جائزہ،دوطرفہ اہم شعبہ جات میں تعاون کی ضرورت کا اعادہ،پاک چین وزرائے خارجہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، پاکستان اور چین نے باہمی مفادات کی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا،دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا، وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کی، سٹریٹیجک مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی سلامتی، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا،دفتر خارجہ کے مطابق پاک چین سٹرٹیجک مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے تمام ایشوز کا بھی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا، مذاکرات کے دوران دونوں ہمسایہ ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا،اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ اہم شعبہ جات میں تعاون کی ضرورت کا اعادہ کیا، وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے، پاکستان اور چین نے باہمی مفادات کی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا،مذاکرات میں چین نے پاکستانی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، اتحاد، استحکام اور اقتصادی خوشحالی کیلئے بھی حمایت کا عزم کیا، پاکستان نے "ون چائنا" پالیسی، تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے سال 2023 میں سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کا خیرمقدم کیا،دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی ایک روشن مثال کے طور پر سراہا، سی پیک نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی، ملازمتوں اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی، منصوبے کی اعلی معیار کی ترقی کیلئے پاکستان اور چین نے اپنے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے سی پیک منصوبوں کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا بھی اظہار کیا،اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے ایم ایل ون منصوبے کی جلد تکمیل اور اہم شعبوں کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق ہوا، مذاکرات میں گوادر میں فرینڈ شپ ہسپتال اور نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا جائزہ لیا، گوادر کو علاقائی تجارت کا مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،قبل ازیں اسلام آباد میں چوتھے پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات ہوئے، چینی وزیر خارجہ چن گانگ دفتر خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا،مذاکرات کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں باہمی مذاکرات کے فوری بعد آج چوتھا اسٹریٹجک ڈائیلاگ ہوا، چین نے ہمارے قومی معاملات بشمول کشمیر پر ہماری حمایت کی، ہم نے باہمی تعاون کے تمام کثیر الجہتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا، سی پیک پاک چین و عالمی سرمایہ کاروں سب کے لئے مفید منصوبہ ہے،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے مقابلے اور بلاک کی سیاست کا مخالف ہے، پاکستان تائیوان، سنکیانگ، تبت اور ساتھ چائنہ سمندر سمیت تمام معاملات پر چین کی حمایت کرتا ہے ، آج کے مذاکرات میں افغانستان میں امن کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اعلی سطح رابطے پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاملات پر باہمی مشاور ت کا حصہ ہیں, آج مذاکرات میں تعاون کے فروغ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان سہ فریقی فورم کے ذریعہ مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کی تلاش کی کوشش کر رہا ہے،انہوں نے زور دیا افغانستان سے دہشت گردی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے، افغانستان کے وسائل کو اس کے عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جانا چاہئے ، ہم تینوں فریق سیکیورٹی تحفظات اور ان کے حل پر سہہ فریقی مذاکرات میں بات چیت کریں گے، پر امید ہوں کہ سہہ فریقی مزاکرات سے ہم آگے بڑھیں گے اور خوشحالی کا راستہ اپنائیں گے،چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا گزشتہ روز صدر علوی سے ملاقات ہوئی جنہیں چینی صدر کی جانب سے تہنیت کا پیغام پہنچایا، ون چائنہ پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور امور پر حمایت کرتا ہے،پچھلے کچھ عرصہ میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے، گزشتہ نومبر میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، میرے دورے کا ایک اہم مقصد پاکستان، چین ، افغان وزرائے خارجہ کے مذاکرات میں شرکت ہے، افغانستان کی پاکستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، ہمسائے کہیں اور نہیں جاسکتے، ہم سمجھتے ہیں پاکستان اور افغانستان بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر سکتے ہیں،چن گانگ نے زور دیا امید ہے طالبان ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے تحفظات کو سنجیدہ لیں گے اور اقدامات کریں گے، طالبان شمولیتی حکومت بنائیں گے اور سب کو حقوق دیں گے، چین اور پاکستان افغانستان کی اقتصادی حمایت کے لیے تیار ہیں، چین افغانستان اور پاکستان کے ساتھ سکیورٹی و انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے کو تیار ہے تاکہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے،چینی وزیر خارجہ نے کہا افغان عوام کے مصائب بہت سالوں سے جاری ہیں، عالمی برادری کا فرض ہے وہ افغان عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں کرے، ہمارا مقصد افغانستان پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے، چین سہ فریقی مذاکرات کرانے پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے،چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی ہر معاملے میں مدد کرتا رہے گا، امید ہے سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر سیاسی استحکام کے لئے کوشش کریں گی، تاکہ پاکستان معاشی اور داخلی سطح پر ہمارے ساتھ آگے بڑھ سکے۔